پاک بھارت سرحدی کشیدگی پر قومی سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب

جمعرات 9 اکتوبر 2014 12:54

پاک بھارت سرحدی کشیدگی پر قومی سلامتی کونسل کا اجلاس کل طلب

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم نوازشریف نے سرحد پر کشیدگی اور مسلسل بھارتی جارحیت کے خلاف قومی سلامتی کونسل کا مشاورتی اجلاس کل جمعہ کو طلب کرلیا ہے۔ذرا ئع کیمطابق وزیراعظم نوازشریف نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باوٴنڈری پر مسلسل بھارتی جارحیت اور بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی پرقومی سلامتی کونسل کا مشاورتی اجلاس جمعہ کی صبح 10 بجے طلب کرلیا ہے جس میں وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوں گے، اجلاس میں کنٹرول لائن اور ورکنگ باوٴنڈری پر مسلسل بھارتی جارحیت پر غور ہوگا جبکہ اس دوران آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت اور اس میں پاک فوج کامیابیوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ورکنگ باوٴنڈری اور کنٹرول لائن پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث اب تک 12 پاکستانی شہری شہید اور 42 زخمی ہوچکے ہیں اور سرحدی کشیدگی میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی فورسز کو بھرپور جواب دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیراعظم ہاوس کے مطابق اجلاس میں تینوں سروسز چیف، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی شریک ہوں گے جبکہ قومی سلامتی کونسل کے ممبران وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔

پاکستانی فورسز کی جانب سے بھارتی بلااشتعال فائرنگ کا جواب دینے کے بارے میں بھی شرکا کو اعتماد میں لیاجائیگا، مشیر قومی سلامتی سرتاج عزیز عالمی سطح پر پاکستان کا موقف پیش کیے جانے کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔اجلاس میں حکومت پاکستان کی آئندہ کی حکمت عملی سے متعلق اہم فیصلوں کا امکان ہے۔سیاسی جماعتوں نے بھی بھارتی جارحیت پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ بھارتی افواج مسلسل سرحدی خلاف ورزی کررہی ہیں، پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔ہم منتظر ہیں کہ ریاست جنگ کا کہے اور کفن پہن کر باہر نکلیں۔ تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نیحکومت سے بھارتی اشتعال انگیزی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور تجویز دی کہ دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز ہاٹ لائن پر بات کریں ، اگر معاملہ بڑھا تو اچھا نہیں ہوگا۔ مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اندرونی اختلافات کی وجہ سے بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پاکستان کی سلامتی کیلیے پوری قوم متحداور متفق ہے۔

متعلقہ عنوان :