عید الاضحی کے موقع پر اسلام آباد میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا خصوصی آپریشن ہوگا ،

سی ڈی اے کے دو ہزار سے زائد عملے کی چھٹیاں منسوخ، آپریشن تین دن جاری رہے گا

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 23:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اکتوبر 2014ء) اسلام آباد میں عید الاضحی کے موقع پر قربان کئے جانے والے جانوروں کی آلائشوں اور اوجڑیاں وغیرہ اُٹھاکر انہیں ٹھکانے لگانے کے لئے سی ڈی اے نے خصوصی آپریشن کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے سی ڈی اے کے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ اور دیگر متعلقہ شعبوں کے دو ہزار سے زائد عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں ۔

چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے ممبر انوائرنمنٹ سید مصطفین کاظمی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس خصوصی آپریشن کی کامیابی کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اسلام آباد کوعید کے موقع پر صاف ستھرا رکھنے کے لئے بھرپور اقدامات اُٹھائیں ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عامر علی احمد کو بھی ہدایت کی کہ وہ افرادی قوت اور میونسپل ایڈمنسٹریشن کے وسائل انوائرنمنٹ ونگ کی معاونت کے لئے فراہم کر یں تاکہ سی ڈی اے کے تمام شعبوں کی مشترکہ کامیابی کو ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

خصوصی آپریشن میں سی ڈی اے نے قربانی کے جانوروں کی اوجڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کے لئے مختلف مقامات پر 20گڑھے کھودے ہیں جہاں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کومکمل ہائی جینک اور جدید سائنٹفک انداز میں تلف کیا جائے گاتاکہ شہر میں آلودگی نہ پھیلے۔ مزید برآں سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کا ایمرجنسی سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے جو کہ سینی ٹیشن کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور میں دن رات کام کرے گا۔

اس خصوصی آپریشن میں 2ہزار سے زائد افراد پر مشتمل عملہ خاکروب، سپروائزری سٹاف، ٹھیکیداروں کا سٹاف اور افسران اپنے فرائض انجام دیں گے جبکہ انوائرنمنٹ ونگ، MPOڈائریکٹوریٹ ، ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، سپورٹس اینڈ کلچر اور مینٹی نینس ڈویثرن کی تقریباً سو سے زائد گاڑیاں ٹریکٹر، ٹرالیاں، کمپیکٹر ، ٹرک ، ڈمپر، شاول اور ڈوزرز وغیرہ اس خصوصی آپریشن میں شامل ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کی تمام مساجد، عید گاہوں اور امام بارگاہوں کی صفائی کے لئے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ اجتماعی قربان گاہوں کے اردگرد چونا ڈالنے اور صفائی کے لئے بھی وافر تعداد میں عملہ تعینات کیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے اسلام آباد کے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ قربانی کے جانور جہاں ذبح ہوں ، ان کی اوجڑیاں وہیں رکھیں تاکہ ڈیوٹی پر موجود عملہ صفائی اُس کو فوری طور پر اُٹھا کر لے جائے اور انہوں نے شہریوں سے مزید درخواست کی کہ اوجڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں نہ پھینکیں اور کوڑے دانوں اور ٹرالیوں میں بھی نہ ڈالیں۔

انہوں نے کہاکہ کسی قسم کی شکایت کی صورت میں سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر1334 / 9213908ٹیلی فون نمبر 9211555پر رابطہ کریں جہاں سینی ٹیشن کا عملہ دن رات شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے موجود ہو گا۔

متعلقہ عنوان :