Live Updates

جمائما خان ایک بار پھر جمائما گولڈ سمتھ بن گئیں۔۔۔ عمران خان کے شادی کے اعلان پر شدید تحفظات

جمعہ 3 اکتوبر 2014 11:59

جمائما خان ایک بار پھر جمائما گولڈ سمتھ بن گئیں۔۔۔ عمران خان کے شادی ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر 2014ء) عالمی میڈیا کے مطابق وہ اب اپنے نام کے ساتھ سابقہ شوہر عمران خان کا سرنیم خان استعمال نہیں کریں گی۔ لندن کے معروف سرمایہ دار آنجہانی سر جیمز گولڈ سمتھ کی صاحبزادی جمائما خان نے عمران خان سے طلاق کے 10 برس بعد بالآخر ہچکچاتے ہوئے اس بات کا عندیہ دیا ہے عمران خان کا دیا ہوا نام شاید اب مزید ان کی پہچان نہ رہے۔

چالیس سالہ جمائما خان نے کہا ہے کہ ان کے سابق شوہر عمران خان نے حال ہی میں دوبارہ شادی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ان کے بقول اس اعلان نے مجھے یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ وقت آگیا ہے کہ مجھے اپنا نام جمائما خان سے تبدیل کرکے ایک بار پھر سے جمائما گولڈ سمتھ بن جانا چاہیے۔

جمائما خان نے ایک برطانوی جریدے میں شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ ، خان اور میرے نام کا ساتھ اتنا ہی پرانا ہے جتنا پرانا ساتھ جمائما اور گولڈ سمتھ کا ہے۔

(جاری ہے)

لکھا کہ میرے والد کا آخری نام گولڈ سمتھ میں شادی سے پہلے 21 برس تک استعمال کرتی رہی ہوں۔ مجھے اپنا نام جمائما خان بھی بہت پسند ہے کیونکہ یہ نام میری دوہری شناخت کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ نام میرے ساتھ اب تک اس لیے بھی تھا کیونکہ میرے بچوں کی نسبت اسی نام کے ساتھ ہے۔ میرے دونوں بیٹے سیلمان خان اور قاسم خان اس نام کے ساتھ گہرا لگاو رکھتے ہیں۔

لیکن اب جبکہ وہ بڑے ہوگئے ہیں مجھے نہیں لگتا کہ میرے نام کی تبدیلی انھیں زیادہ متاثر کرے گی۔ جمائما اپنے نام کی تبدیلی کے بارے میں اس لیے بھی ہچکچاہٹ کا شکار ہیں کیونکہ ان کے چھوٹے بھائی بین گولڈ سمتھ نے حال ہی میں ایک برطانوی ماڈل جمائما جونز سے منگنی کر لی ہے جس کے بعد ایک ہی خاندان میں دو خواتین کو جمائما کے نام سے پکارا جائے گا۔

لکھتی ہیں کہ انھیں یہ بات پسند نہیں کہ لوگ انھیں بڑی جمائما یا پھر اولڈ جمائما گولڈ سمتھ کہہ کر مخاطب کریں۔ اکیس سالہ برطانوی شہری جمائما گولڈ سمتھ اور پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر عمران خان 1995ء میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ یہ ایک محبت کی شادی تھی جس میں لڑکی کا تعلق یہودی گھرانے سے تھا۔ لیکن عمران خان سے شادی سے چند ماہ پہلے جمائما نے اسلام قبول کرلیا تھا۔ عمران خان اور جمائما خان نے شادی کا بندھن نو برس تک نبھانے کے بعد 2004ء میں باہمی رضا مندی کے ساتھ علیحدگی کا فیصلہ کیا اور تحریک انصاف کی جانب سے باضابطہ طور پر جمائما اور عمران خان کی طلاق کی خبر کا اعلان کیا گیا۔ طلاق کے بعد جمائما اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ واپس لندن آگئی تھیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :