پشاوردھماکہ،وزیراعلی خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کرلی،ملوث دہشت گردوں تک پہنچنے اور عبرتناک سزاد ینے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لایاجائیگا،پرویزخٹک،شہداء کے قانونی ورثاء کو پانچ پانچ اور زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے

جمعرات 2 اکتوبر 2014 21:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور کے قریب کوہاٹ روڈبازید خیل کے مقام پر مسافر کوچ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے اور اس میں ملوث دہشت گردوں تک پہنچنے اور عبرتناک سزاد ینے کیلئے تمام ذرائع بروئے کار لانے پر زور دیا ہے انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں بدامنی اور دہشت گردی کے واقعات ہرگزبرداشت نہیں کئے جائیں گے اس مقصد کیلئے محکمہ داخلہ ، ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس حکام ملحقہ قبائلی ایجنسیوں کی پولیٹیکل انتظامیہ کے ساتھ ملکر مربوط اور نتیجہ خیز اقدامات کریں اور ضرورت پڑنے پر آپریشن سے بھی گریز نہ کیا جائے تاہم اس مقصد کیلئے مصدقہ معلومات اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کی فعالیت بنیادی شرط ہے تاکہ بے گناہ لوگ متاثر نہ ہونے پائیں وزیر اعلیٰ نے اس واقعے میں شہید اور زخمی افراد کیلئے معاوضے کا اعلان بھی کیا ہے جس کے تحت شہداء کے قانونی ورثاء کو پانچ پانچ اور زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی پرویز خٹک نے بیرون یکہ توت کے علاقہ وزیر باغ میں پولیس سب انسپکٹر آصف محمود کی ٹارگٹ کلنگ کو بھی دہشت گردی کا المناک واقعہ قرار دیتے ہوئے اس کے ورثاء کو شہید پیکج کے تحت معاوضے کا اعلان کیا ہے جس کی رو سے انہیں 30 لاکھ روپے سے نقد ، 20 لاکھ روپے مالیت کا پلاٹ، ریٹائرمنٹ کی مدت تک مکمل تنخواہ اور بچوں کی مفت تعلیم کے علاوہ ایک تعلیم یافتہ وارث کو اے ایس آئی بھرتی کیا جائے گا وزیر اعلیٰ نے گلگت کے علاقے عالم برج میں مسافر گاڑی میں دھماکے کی بھی مذمت کی اور غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :