سیلاب متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کاکام شرووع کر دیا ہے،شہباز شریف

متاثرین کی مکمل بحالی تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے ،عید سے قبل ہر متاثرہ خاندان کو 25,25ہزار روپے کی مالی امداد کی پہلی قسط مل جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب

جمعرات 2 اکتوبر 2014 20:07

اٹھارہ ہزاری(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ 2اکتوبر 2014ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے وعدے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی امداد کاکام شرووع کر دیا ہے متاثرین کی مکمل بحالی تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے انہوں نے ان خیالات کا اظہار اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول روڈو سلطان میں امدادادائیگی سنٹر پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) نسیم نواز ، ڈی سی او جھنگ راجہ خرم شہزاد ڈی پی او ذیشان اصغر ایم این اے نجف عباس سیال ایم پی اے میاں اعظم چیلہ اور انتظامیہ کے دیگر افسران عمائدین علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عید سے قبل ہر متاثرہ خاندان کو 25,25ہزار روپے کی مالی امداد کی پہلی قسط مل جائے گی جبکہ جن لوگوں کے مکانات ،فصلوں اور مویشیوں کا نقصان ہوا ہے انہیں مالی امداد انکے نقصانات کے مطابق 20،اکتوبر کو دوبارہ دی جائے گی انہوں نے کہا حکومت کسانوں کو بیج اور کھاد بھی فراہم کرے گی تاکہ وہ پھر سے فصلیں اگا کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں دوبارہ آباد و شاداب ہو سکیں اور پاکستان ترقی کر سکے جب تک آخری متاثرہ گھر آباد نہیں ہو جاتا اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ،قبل ازیں وزیراعلیٰ سنٹر پر پہنچے تو ڈی سی او جھنگ نے انہیں امدادی کارروائیوں کے متعلق بریفنگ دی میاں شہباز شریف نے متاثرین سے بھی ہاتھ ملایا ان سے اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جو خاندان عید تک مالی امداد وصول کرنے سے رہ جائیں گے ان میں مالی امداد کی پہلی قسط عید کے بعد تقسیم کی جائے گی وزیر اعلیٰ کی دورے کے موقع پر سیکیورٹی کے ناقص انتظامات دیکھنے کو ملے وزیر اعلیٰ ایک کالج کی وین میں جب واپس ہیلی کاپٹر پر بیٹھنے جا رہے تھے تو بعض متاثرین نے پنڈال کے گیٹ پر انہیں تھوڑی دیر کیلئے روک دیا اور گو نواز گو کے نعرے بھی لگائے۔