عید الاضحی کے موقع پر سخت حفاظتی اقدامات کئے جائیں، سیکرٹری داخلہ سندھ

جمعرات 2 اکتوبر 2014 16:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) سیکرٹری محکمہ داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے رینجرز اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سخت سیکورٹی انتظامات کئے جائیں تاکہ دہشت گردوں کی ممکنہ کار روائی کو موثر انداز میں ناکام بنایا جا سکے۔سیکرٹری داخلہ نے ایک خط میں ہدایت کی کہ فوری خصوصی طور پر عید الاضحیٰ کے موقع پر تمام مقامات پر فول پروف سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں۔

ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے کہا کہ انٹیلی جنس سسٹم کے جال کو موثر انداز میں پھیلایا جائے تاکہ دہشت گردوں کی کارروائی سے بروقت نمٹا جاسکے اور عوام میں بے چینی پیدا کرنے کی کاوشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری داخلہ نے سیکورٹی اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ عید الاضحی کے موقع پر حفاظتی انتظامات میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور اس دوران مذہبی رہنماؤں ، بازاروں، مارکیٹوں، شاپنگ مال، عبادت گاہوں اور قبرستانوں کے مقامات پر حفاظتی انتظامات کرنے کے لئے سخت اور خصوصی اقدامات عمل میں لائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم تنظیموں سے منسلک افراد کی کڑی نگرانی کی جائے اور قابل اعتراض تقاریر کرنے والوں کے خلاف قانونی کار روائی عمل میں لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :