الیکشن کمیشن انتخابات میں الیکٹرانک ووٹر مشینوں کے استعمال سے متعلق بیان سے قوم کو گمراہ نہ کرے، سینیٹر تاج حیدر

جمعرات 2 اکتوبر 2014 16:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف انتخابات کیلئے 2013 کے عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹر مشینوں کے استعمال سے متعلق بیان سے قوم کو گمراہ کرنے سے گریز کرے، انتخابات سے پہلے الیکشن کمیشن کے دفتر میں دن بھر اجلاس کے انعقاد کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ انتخابات میں الیکٹرانک ووٹر مشینوں کا استعمال کیا جائے گا، اجلاس میں 20 سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، الیکشن کمیشن کے تمام افسران، نادرا کے سربراہ، سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ان مشینوں کے استعمال پر اتفاق کیا تھا اور کسی نے بھی موئی اعتراض نہیں کیا تھا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے وہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے میرے ساتھ خط و کتابت کے دوران اس بات کی یقین دہانی کرائی تھیں کہ الیکشن میں ووٹنگ مشینیں استعمال کی جائیں گی، ہمیں مشینوں کے استعمال سے متعلق مٹیریل بھی دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نادرا کو الیکشن کا ڈیٹا محفوظ بنانے کے لیے جدید ترین نظام فراہم کیا تھا، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی کوتائیوں کو سیاسی جماعتوں پر ڈالنے سے گریز کرے، سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے افسران کے میڈیا کے سامنے بیانات الیکشن کمشنر کے احکامات کی نفی تھے، اس وقت الیکشن کمیشن کے کسی بھی افسر نے یہ نہیں کہا تھا کہ ان مشینوں کے استعمال کے لیے کسی قانون سازی کی ضرورت تھے ، قانون سازی کی بات تو اس وقت کی گئی جب الیکشن کمیشن پر تنقید کا سلسلہ شروع ہوا، انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ سمارت بننے کی کوشش کے بجائے بیوروکریسی جمہوری عمل کے لیے راستے بنائے، اب عوام میں غیر معمولی سیاسی شعور آ چکا ہے اس وقت پرانے طریقے قابل قبول نہیں ہونگے، انہوں نے کہا کہ عوامی شعور کو ختم نہیں کیا جا سکتا، اب الیکشن کمیشن کے پاس صاف و شفاف انتخابات کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔

متعلقہ عنوان :