Live Updates

تحریک انصاف کا لاڑکانہ میں جلسے کا اعلان ،بچے بچے کی زبان پر ’گونوازگو‘ کا نعرہ ہے، عمران خان

جمعرات 2 اکتوبر 2014 16:00

تحریک انصاف کا لاڑکانہ میں جلسے کا اعلان ،بچے بچے کی زبان پر ’گونوازگو‘ ..

میانوالی ، اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف نے 21نومبرکو پیپلزپارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں جلسہ کرنے کااعلان کردیا۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہناتھاکہ ہر شہر میں جلسہ کریں گے اور اکیس نومبرکو عمران خان کا جلسہ لاڑکانہ میں ہوگا۔ عمران خان کاکہناتھاکہ اب گھروں میں بھی انقلاب آرہاہے ، دھرنے کی وجہ سے تحریک انصاف کی آواز ملک بھر میں پہنچی ہے ، دوبڑے شہروں میں جلسے کے بعد میانوالی جانے کافیصلہ کیا، میانوالی کی سیٹ کی وجہ سے ہی وہ سیاست میں رہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں اُن کاکہناتھاکہ دھرنوں کی وجہ سے بجلی اور پٹرول کی قیمتیں نیچے آئی ہیں ، آئی ایم ایف کے کہنے پر حکومت نے بجلی کی قیمت بڑھانی تھی جبکہ چھ ماہ سے حکومت پٹرول کی قیمتیں کم نہیں کررہی تھی لیکن دھرنے اور عوامی دباﺅ پر حکومت نے ریلیف دینے کااعلان کردیا۔ اُن کاکہناتھاکہ یہ کیسی جمہوریت ہے جہاں کسی کواظہاررائے کی آزادی نہیں ، گونوازگوکے نعرے لگانے پر کسی کو مارنے کا کسی کو کوئی حق نہیں ، دھرنوں نے وی آئی پی کلچر ختم کرادیااور آج بچے بچے کی زبان پر گونوازگوکانعرہ ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات