امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلی شہباز شریف سے الگ الگ ملاقات

جمعرات 2 اکتوبر 2014 14:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلی محمد شہباز شریف سے الگ الگ ملاقات کی ، امریکی سفیر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستان میں جمہوری عمل کو مضبوط دیکھنا چاہتا ہے۔جمعرات کے روز لاہور میں ہونے والی ملاقات میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے درمیان پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا ۔

امریکی سفیر نے واضح کیا کہ امریکہ کی سپورٹ کسی مخصوص فرد کے لئے نہیں بلکہ جمہوریت ، مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لئے ہے ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان میں جمہوری عمل پر عوام کا بھرپور اعتماد ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے تاہم حکومت نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے ۔ جس پر رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت پاکستانی عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کوشاں ہے ۔سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہر کسی کی مدد کے لیے تیار ہیں ۔