این اے 149، تحریک انصاف کا عامر ڈوگر، ن لیگ کا جاوید ہاشمی کی حمایت کا اعلان

جمعرات 2 اکتوبر 2014 11:50

این اے 149، تحریک انصاف کا عامر ڈوگر، ن لیگ کا جاوید ہاشمی کی حمایت کا ..

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر 2014ء) تحریک انصاف نے آزاد امیدوار عامر ڈوگر اور ن لیگ نے مخدوم جاوید ہاشمی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد دونوں امیدواروں نے اپنی کامیابی کیلئے سیاسی جوڑ توڑ شروع کر دی ہے۔ این اے 149 کے ضمنی انتخابات میں 18 امیدوار مدمقابل ہیں لیکن ن لیگ کی آشیرباد سے مخدوم جاوید ہاشمی اور تحریک انصاف کی سرپرستی ملنے پر عامر ڈوگر مضبوط امیدوار بن گئے ہیں جنہوں نے الیکشن میں اپنی کامیابی یقینی بنانے کیلئے سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

این اے 149 شہری حلقہ ہے جس میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے مقابلے میں ن لیگ نے متعدد بار کامیابی حاصل کی ہے لیکن ضمنی الیکشن میں جاوید ہاشمی کی بالٹی اور عامر ڈوگر کے خرگوش کی جیت کا فیصلہ حلقے کے 3 لاکھ 42 ہزار ووٹرز 286 پولنگ سٹیشن پر کریں گے ۔ ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر جاوید صدیقی بھی میدان میں ہیں جنہوں نے اپنی انتخابی مہم صرف بینرز اور پمفلٹس کی حد تک ہی محدود کر رکھی ہے۔ ضمنی انتخابات سے قبل عمران خان کا جلسہ حلقے کی سیاست پر کس حد تک کا اثر انداز ہوگا ، اس کا فیصلہ بھی عوام 16 اکتوبر کو اپنے حق رائے دیہی سے ہی کریں گے۔