مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم ،انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے میں بیرون ممالک میں قائم کشمیری تنظیموں نے اہم کردارادا کیا، چودھری عبدالمجید

بدھ 1 اکتوبر 2014 17:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے میں کشمیر کونسل ای یو بیرونی ممالک میں قائم کشمیر سنٹرزسمیت کشمیری تنظیموں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

اوورسیز کشمیریز مقبوضہ کشمیر کے متاثرین سیلاب تک امداد پہنچانے کے لیے یورپی اداروں ،انسانی حقوق کی تنظیموں اور حکومتوں کے ذریعہ بھارت پر دباؤ ڈالوئیں اور بھارتی تسلط سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے حق خودارادیت کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہوجائیں۔ وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قوم کا موقف پیش کیا جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پورا کشمیر بھارت سے لینے کا بیان دے کر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے موقف کو دہرایا ہے۔دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے جوانوں اور آفیسروں نے مثالی کردار ادا کیا ہے ملک کے اندر آئین وپارلیمنٹ کی بالا دستی پر مکمل اتفاق رائے ہے ۔وہ بدھ کے روز یہاں کشمیر ہاؤس میں کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید کے ساتھ گفتگو کررہے تھے اس موقع پر رکن آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی بیگم شمشاد عزیز ، وزیر اعظم کے میڈیا ایڈوائزر سید عزا دار حسین کاظمی اور سینئر صحافی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں علی رضا سید نے وزیراعظم آزادکشمیر کو یورپی پارلیمنٹ اور دیگر اداروں میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے سفارتی جدوجہد و سرگرمیوں کے متعلق بریفنگ دی اور تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی جس پر وزیراعظم نے علی رضا سید کی تحریک آزادی کے لیے بے لوث خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ اور سیز کشمیریز ہماری تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور اس اثاثے کو محفوظ بنا کر تحریک آزادی کشمیر کو تقویت دینے کے لیے تمام سیاسی وسماجی جماعتوں کو حق خودارادیت کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہونا پڑئے گا تب ہی ہم بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرسکیں گے۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ بھارت اوورسیز کشمیریوں کی مسئلہ کشمیر پر لابنگ سے سخت پریشان اور بے بس ہے خاص طور پر یورپی اور برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے اور انسانی حقوق کی احترام کے لیے آواز بلند کرنے پر بھارتی قیادت لاچار ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر کی کوشش ہے کہ اوورسیز کشمیریز با لخصوص برطانیہ اور یورپ میں مقیم ہمارے بھائیوں کے درمیان برادری اور علاقائی ازم سے بالا تر ہوکر اتفاق واتحاد ہو اور وہ متحد ہو کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خوداردیت کی جدوجہد کو مزید مستحکم بنائیں ۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ ہم نے اپنا فوکس تحریک آزادی پر مرکوز کرتے ہوئے کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل بنائی ہے جس میں آزادکشمیر کی سیاسی جماعتوں کے علاوہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کی بھرپور نمائندگی ہے۔ اس کونسل کے تحت تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے تحریکی سرگرمیوں کے کیلنڈر پر عمل کیا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں تباہ کن سیلاب کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس سیلاب سے 55لاکھ افراد متاثر ہوئے ،سینکڑوں اموات ہوئیں جبکہ کھربوں روپے کا نقصان ہوا اس بڑی مصیبت میں بھارت نے مجرمانہ کردار ادا کرتے ہوئے متاثرین سیلاب کو بے یارومدد گار چھوڑ دیا اور متاثرین سیلاب تک عالمی امداد کی راہ میں رکاوٹ بن گیا ہے ۔

حکومت آزاد کشمیر اپنا تمام بجٹ متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے دینے کو تیار ہے۔عالمی تنظیمیں اور ادارے بھارت کے رویے میں تبدیلی کے لیے اس پر دباؤ ڈالیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کے اندر بارشوں کے بعد متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں محمد نواز شریف کا خطاب تاریخی، دلیرانہ اور کشمیر ی و پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی ہے جس پر آر پار کے کشمیری عوام نے وزیراعظم پاکستان کو مبارک باد دی ہے اور جب وزیراعظم پاکستان امریکہ سے واپس وطن پہنچے تو کشمیری قیادت نے ائیرپورٹ جا کر ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم پاکستان ، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں بیان دے کر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کشمیر پر ویژن کی عکاسی کی ہے اور پارٹی کے دوٹوک موقف پیش کر کے کشمیر کے متعلق پارٹی پالیسی کو ایک مرتبہ واضح کردیا ہے جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر علی رضا سید نے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کو بتایا کہ اوورسیز کشمیریز مقبوضہ کشمیر کے متاثرین کی بھرپور امداد کرنا چاہتے ہیں مگر بھارتی حکومت رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ یورپی پارلیمنٹ کے اندر 48نئے ارکان آئے ہیں جن سے ہمارا رابطہ ہے اور ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ان سے حمایت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ایک 10نکاتی قرارداد بھی یورپی پارلیمنٹ میں جمع کرائی ہے جس میں یہ بھی کہاہے کہ یورپی پارلیمنٹ کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے متعلق پاس قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ 10دسمبر کو برسلز میں انسانی حقوق کے متعلق برطانیہ اور یورپ میں تمام کشمیری تنظیموں کو بلانے کا پروگرام ہے تاکہ انہیں مسئلہ کشمیر اور حق خودارادیت کے ایجنڈے پر اتحاد واتفاق سے کردار ادا کرنے کیلئے کہا جائے ۔