ایم کیو ایم آزادکشمیر کا مقبوضہ کشمیر کے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے بھارت سے زمینی راستہ فراہم کرنے کا مطالبہ

بدھ 1 اکتوبر 2014 15:12

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر کے سیلاب زدگان کی مدد کیلئے بھارت سے زمینی راستہ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام انسانی ہمدردی کے پیش نظر مقبوضہ کشمیر کے متاثرہ عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ بھارتی حکومت نے خود تو عوام کو حالات کے رحم و کرم پر بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے اگر پاکستانی قوم مدد کرنا چاہتی ہے تو انسانیت کے نام پر زمینی رسائی فراہم کی جائے۔

ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی، وزیر ٹرانسپورٹ و امداد باہمی محمد طاہر کھوکھر نے یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام ایک بدترین انسانی المیہ سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت نے انسانیت کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے اور تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیلاب کی قدرتی آفت میں عوام کی مدد نہیں کی اور نہ ہی بین الاقوامی اداروں کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مدد کرنے اور ریلیف آپریشن شروع کرنے کی اجازت دی جو بدترین جارحیت اور لاکھوں انسانوں کو جان بوجھ کر موت کے منہ میں دھکیلنے کی سازش ہے۔

اگر مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے تو یہ ان کا حق ہے کہ وہ اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں۔ خود بھارتی قیادت اقوام متحدہ میں پوری دنیا سے وعدہ کر چکی ہے کہ وہ کشمیر کے عوام کو حق خودارادیت دے گی تا کہ وہ اپنی مرضی سے اپنی قسمت کا فیصلہ کر سکیں۔ ایک ایسے وقت میں جب لاکھوں عوام ایک بدترین قدرتی آفت کا سامنا کر رہے ہیں بھارتی حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ انتقام نہ لیتی اور عوام کی مدد کو آگے بڑھتی لیکن ایسا نہیں ہوا۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر میں بے یارومددگار لاکھوں کشمیریوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ کشمیری عوام کو اس وقت خیموں، ادویات اور غذائی اجناس کی ضرورت ہے۔ بھارت زمینی راستہ فراہم کرے تا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کی مدد کر سکیں۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیلاب کے باعث تاریخ کی بدترین تباہی ہوئی ہے جس پر پوری پاکستانی و کشمیری قوم افسردہ اور بے چین ہے۔

پاکستانی حکومت اور سیاسی قیادت بھی اس حوالے سے اپنی تشویش سے بھارتی قیادت اور عالمی برادری کو آگاہ کر چکی ہے لیکن بھارت سرکار ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ طاہر کھوکھر نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس انسانی المیہ کا نوٹس لیں اور لاکھوں انسانوں کو بچانے کے لیے کردار ادا کریں۔ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں اپنی نگرانی میں ریلیف آپریشن شروع کرے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق کشمیری عوام تک رسائی کے لیے زمینی راستے فراہم کیے جائیں۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت اور بالخصوص قائد تحریک الطاف حسین اس صورتحال پر سخت غمزدہ ہیں۔ ایم کیو ایم متاثرہ عوام کی دل کھول کر مدد کرنا چاہتی ہے۔ اگرزمینی راستہ فراہم کیا گیا تو ایم کیو ایم کے ہزاروں رضا کار امدادی کارروائیوں میں قائد تحریک کے حکم پر حصہ لیں گے اور ہر متاثرہ خاندان تک امداد پہنچائی جائے گی۔