بجلی کے بوگس بل واپس نہ لیے گئے توجماعت اسلامی شدید احتجاج کرے گی‘عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ

بدھ 1 اکتوبر 2014 13:14

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ بجلی کے بوگس بل واپس نہ لیے گئے توجماعت اسلامی شدید احتجاج کرے گی۔ محکمہ برقیات نے کوٹلی کے شہریوں کو 15,15ہزار کے بل تھماکر چیخیں نکال دیں۔ہائی کورٹ کے فیصلے کے باوجود ابھی تک زائد بلات کی درستگی نہیں کی گئی۔ ایک طرف طویل لوڈ شیڈنگ اور دوسری طرف غریب عوام کو ہزاروں کے بلات ناقابل برداشت ہیں۔

لوڈ شیڈنگ، بے روزگاری، میرٹ کی پامالی اورکرپشن نے ہر سطح پر عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ حکمران ملک کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ظالمانہ نظام کے خاتمے کے لیے عوام دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں تاکہ ان کے بنیادی مسائل حل ہوسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہنسہ میں جماعت اسلامی حلقہ سہنسہ کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راجہ ریاست خان ایڈووکیٹ، عابد حسین عابد، سردار اورنگزیب اقبال،راجہ خالد محمود، مولانا محمد نصائب، اخلاق احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے ریڈ فاؤنڈیشن آفس ہاؤسنگ اسکیم میں الخدمت فاؤنڈیشن کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہیں۔

صاحب ثروت لوگوں کو آگے بڑھ کر الخدمت جیسے فلاحی اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔انہوں نے اپیل کی کہ کوٹلی کے شہری قربانی کے جانوروں کی کھالیں الخدمت فاؤنڈیشن کے پاس جمع کروائیں۔ اجلاس میں جملہ ذمہ داران نے شرکت کی اور اجتماعی قربانی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل بھی دی گئی۔علاوہ ازیں عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے ڈڈیال کا دورہ کیا اور راجہ جہانگیر خان کی اہلیہ اور بیٹے کی حادثاتی موت پر ان کے بہنوئی شوکت کیانی ایڈووکیٹ سے اظہا ر افسوس کیاجبکہ سیاکھ میں ضلع قاضی راولاکوٹ قاضی محمدمحفوظ کی والدہ کی وفات پر بھی اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے راہنما راجہ محمد ادریس خان، نجیب اللہ، چوہدری ا فتخار اوردیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :