بلجیم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 46 اسلام پسندوں کے خلاف مقدنے کا آغاز،عسکریت کے لیے ذہن سازی کا الزام پربیس سال تک سزا ممکن ہے،پراسیکیوٹر

منگل 30 ستمبر 2014 19:56

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30ستمبر۔2014ء) بلجیم کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک اسلام پسند گروپ شریعہ برائے بلجیم سے وابستہ 46 افراد کے خلاف مقدمے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سلفی پس منظر رکھنے والے گروپ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ دہشت گردی تنظیم سے تعلق رکھتا ہے۔ نوجوانوں کی جہاد کے لیے ذہن سازی کرتا ہے اور بعد ازاں شام میں جہاد کے لیے بھرتی کرتا ہے۔

مقدمے کی سماعت کا آغاز شمالی بلجیم کے بندرگاہی شہر اینتورپ کی عدالت میں کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر 46 میں سے صرف آٹھ ملزمان دستیاب تھے، باقی 38 ملزمان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ شام میں عسکری کارروائیوں کا حصہ ہیں۔ بلجیم کی آبادی کے تناسب سے دیکھا جائے تو بلجیم سے سب سے زیادہ شرح سے عسکریت پسند شام میں لڑنے کے لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی سطح پر انتہا پسندی کو مانیٹر کرنے والے ایک ادارے کے مطابق بلجیم کے عسکریت پسند شہریوں کی مجموعی تعداد تین سو ہے۔

پراسیکیوٹر کے مطابق بلجیم میں سرگرم شریعہ گروپ کے ترجمان کے طور پر ایک 32 سالہ فواد بل قاسم سامنے آیا ہے۔ یہ شریعہ گروپ بلجیم میں اسلامی شریعت کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے۔پراسیکیوٹر این فرانسن کا کہنا ہے کہ ایسی کئی تقاریر اور ویڈیو اکٹھی کی گئی ہیں جن میں نماز، روزے کے علاوہ جہاد کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ واضح رہے ان دنوں شریعہ گروپ کا ترجمان قاسم اشتعال انگیزی اور غیر مسلم کے خلاف نفرت پھیلانے کی بنیاد پر جیل میں بند ہے۔

پراسیکیوٹر نے تفصیل سے بتایا کہ یہ گروپ کس طرح نوجوانوں، کے علاوہ خواتین کو اپنی طرف جہاد کے لیے مائل کرتا ہے۔ پراسیکیوٹر کے معاون نے بتایا کہ اس گروپ کے عزائم صاف طور پر نوجوانوں کو مسلح لڑائی کے لیے تیار کرتا ہے۔گروپ کے ترجمان قاسم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس نے پہلے القاعدہ کی طرز کی ایک تنظیم میں شمولیت کی جو بعد ازاں داعش میں تبدیل ہو گئی ۔

قاسم بلجیم کے ایک چھوٹے قصبے کا رہائیشی ہے وہ اسی قصبے میں پیدا ہوا تھا۔ 2010 میں اس نے شریعہ برائے بلجیم نام سے گروپ قائم کیا ۔ پراسیکیوٹر کے مطابق اس کا برطانیہ کے ایک سلفی گروپ کے انجم چوہدری سے سے بھی رابطہ ہے۔واضح رہے انجم چوہدری کو برطانیہ میں ایک ہفتہ پہلے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انجم چوہدری المہاجرون نامی کالعدم تنظیم کا سربراہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں پراسکیوٹر نے بتایا اگر قاسم اور اس کے ساتھیوں پر جرم ثابت ہو گیا تو انہیں 20 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔