سرگودھا ‘ گھریلو ملازمہ مبینہ زیادتی کیس ، برطرف تھانیدار کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جا ری

منگل 30 ستمبر 2014 15:15

حیدر آباد ٹاؤن( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30تمبر۔2014ء) ایڈیشنل سیشن جج سرگودھا کی عدالت نے پاکستان مسلم لیگ نواز گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی کی طرف سے گھریلو ملازمہ سے مبینہ زیادتی کے استغاثہ میں برطرف کیے گئے تھانیدار کو پیش نہ ہونے پر اس کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے‘ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز گھریلو ملازمہ ارم بی بی کی طرف سے مقامی رکن پنجاب اسمبلی و سابق صوبائی وزیر مہر غلام دستگیر خان لک کے خلاف مبینہ زیادتی کا الزام عائد کرنے کے استغاثہ کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج سرگودھا کی عدالت میں ہوئی جس میں فریقین عدالت میں پیش ہوئے‘ متاثرہ لڑکی کے وکیل مہر ظفر اعجاز لک ایڈووکیٹ نے کیس کی پیروی کرتے ہوئے عدالت کے روبرو بحث کی‘ اس دوران عدالت نے ایم پی اے اور متاثرہ لڑکی کے علاوہ استعاثہ میں ملوث برطرف تھانہ آفتاب احمد کو سرگودھا جیل سے پولیس کی حراست میں لا کر عدالت میں پیش کیا گیا‘ جبکہ استغاثہ میں ملوث دوسرے برطرف تھانیدار عزیز خان کے پیش نہ ہونے پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی‘ جس پر عدالت نے برطرف تھانیدار کے بلا ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ تاریخ پیشی پر پولیس کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا‘ مقدمہ کی سماعت اب 23 اکتوبر کو ہو گی۔