وزیراعظم کل خصوصی پرواز سے حج پر جائیں گے، وفاقی وزراء سمیت 300افراد کے ہمراہ جانے کا امکان، سپیشل حاجیوں کیلئے پاکستان ہاؤس خالی کرالیاگیا ،ذرائع

پیر 29 ستمبر 2014 17:31

وزیراعظم کل خصوصی پرواز سے حج پر جائیں گے، وفاقی وزراء سمیت 300افراد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) وزیراعظم میاں نوازشریف کل خصوصی پرواز سے حج کے لئے حجاز مقدس روانہ ہونگے،ان کے ہمراہ متعدد وفاقی وزراء سمیت 300افراد کا وفد جانے کا امکان ہے۔ سپیشل حاجیوں کیلئے پاکستان ہاؤس خالی کرالیاگیا جبکہ جوائنٹ سیکرٹری حج شہزاد احمد نے کہاہے کہ پاکستان ہاؤس کی سہولت مختصراً قیام کرنیوالے عازمین کو دی جاتی ہے،211 فلائٹس کے ذریعے تمام سرکاری عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے،سعودی عرب سے پہلی فلائٹ9 اکتوبر کو حاجیوں کو لے کر پاکستا ن آئیگی ۔

باوثوق ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم میاں نواز شریف خصوصی پرواز کے ذریعے حجاز مقدس روانہ ہونگے اور فریضہ حج ادا کرینگے ۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف جوکہ فی الوقت پاکستان میں ہیں قوی امکان ظاہر کیا جارہاہے اس وفد میں انہیں بھی شامل کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایاکہ اس سلسلے میں مکة المکرمہ میں بھی خصوصی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور پاکستان ہاؤس کو بھی خالی کرالیاگیاہے تاکہ سپیشل حاجیوں کو وہاں ٹھہرایا جاسکے۔

اس سلسلے میں جب ”آن لائن“نے موقف جاننے کیلئے جوائنٹ سیکرٹری حج شہزاد احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہاکہ وزیراعظم میاں نوازشریف کے دورئہ سعودی عرب کے حوالے سے انہیں کوئی معلومات نہیں کیوں کہ وزیراعظم جب بھی جائینگے وہ شاہی خاندان کے مہمان ہونگے اور رائل گیسٹ کے طور پر جائینگے۔

ایک اور سوال پر انہو ں نے کہاکہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا بھی حج پر جانے کے کسی شیڈول کی تصدیق نہیں کرسکتا البتہ میری اطلاع کے مطابق وہ نہیں جارہے ہیں ۔

جے ایس حج نے ایک اور سوال پر کہاکہ پاکستان ہاؤس میں ان عازمین کو ٹھہرایا جاتاہے جو مختصراً قیام کی غرض سے حج پر جاتے ہیں۔ شہزاد احمد نے مزید بتایاکہ سرکاری سکیم کے تحت تمام عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں اور تین ائر لائن کے توسط سے 211 فلائٹس کے ذریعے عازمین کوملک بھر سے سعودی عرب پہنچایا ۔ انہوں نے بتایاکہ عیدالاضحی کے فوراً بعد حاجیوں کی واپسی کا سلسلہ شروع ہوجائیگا اور اس سلسلے میں پہلی فلائٹ 9 اکتوبر کو سعودی عرب سے پاکستا ن آئیگی

متعلقہ عنوان :