بانڈی پورہ ،سیلاب سے 129 عمارتوں کو نقصان ، 70 فیصد سے زائد طلباء تعلیم سے محروم ہوگئے

جمعہ 26 ستمبر 2014 23:16

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر 2014ء) مقبوضہ کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں سیلاب کے باعث 129سکولوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے اورضلع کے سیلاب زدہ علاقوں میں 70 فیصد سکولوں کے طلباء تعلیم کے حصول سے محروم ہیں۔متاثرہ سکولوں کے طلباء اور ان کے والدین نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سیلابی پانی کی وجہ سے سکولوں کی عمارتیں بری طرح متاثرہوئی ہیں اور وہ اب استعمال کے قابل نہیں رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی بحالی اور تدریسی عمل دوبارہ شروع کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کر رہی ہے جس کی وجہ سے طلباء کا مستقبل بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ابھی بھی بیشتر اسکولوں جن میں بانڈی پورہ ،قوئل مقام ،حاجن اورسمبل ایجوکیشن زونز میں بیشتر اسکولوں کی عمارتوں میں سیلابی پانی کھڑا ہے اور متعدد اسکولوں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے ۔ چیف ایجوکیشن آفیسر بانڈی پورہ نذیر احمد وانی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ ابھی تک تباہ شدہ اسکولوں کی عمارتوں کا تخمینہ نہیں لگایا گیا ہے اور جلد ہی نقصان کا تخمینہ لگانے کے بعد سکولوں کو ہنگامی بنیادوں پردوبارہ تعمیر کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :