Live Updates

الیکشن کمیشن نے تسلیم کرلیاانتخابات فراڈ تھے، حکومت کے خلاف مہم مزید تیز کرنے والے ہیں، عمران خان ،

دھاندلی میں نوازشریف اور افتخار چوہدری ملوث تھے،سابق چیف جسٹس کے خلاف دوثبوت آچکے ہیں

منگل 23 ستمبر 2014 23:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ نے ہمارے دھاندلی سے متعلق تمام الزامات کی تصدیق کر دی ہے، الیکشن کمیشن نے تسلیم کر لیا ہے کہ 2013میں ایک فراڈ الیکشن ہوا تھا، اس الیکشن کو خراب کرنے میں نواز شریف کے ساتھی اور عدلیہ کے میر جعفر افتخار چوہدری ملوث ہیں، اب اس مہم کو تیز کریں گے اور جمعہ کو ڈی چوک جبکہ اتوار کو مینار پاکستان پر عوام کو سمندر لائیں گے اور نیا پاکستان بنائیں گے، ریٹرننگ افسران الیکشن کمیشن کی بجائے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے نیچے کام کر رہے تھے جنہوں نے مجھ پر کیس بھی کررکھاہے میں انہیں بتاناچاہتاہوں کہ اب میرے پاس ان کے خلاف دوثبوت آچکے ہیں اوران کا کیس کمزورپڑگیا ہے ،منگل کی شب یہاں ڈی چوک میں جاری دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ نومہینے تک رپورٹ چھپاکر رکھی گئی مگرالیکشن کمیشن کی رپورٹ کا سن کر مجھے بڑی خوشی ہوئی، یہ رپورٹ آپ کے دھرنے کی وجہ سے جاری ہوئی ہے، ادارے نے خود ہی ہمارے تمام الزامات کو تسلیم کر لیا ہے، اس کے بعد نواز شریف کا ایک اور جھوٹ سامنے آ گیا ہے جو انہوں نے پارلیمنٹ کے اس اجلاس میں بولا تھا،جس میں ہر منٹ پر 80لاکھ روپے خرچ ہوئے تھے ،کہ یہ شفاف انتخابات تھے، اب تو دھاندلی کے الزامات کو خود الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مان لیا ہے، دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسا ہوتا تو پورے انتخابات مسترد کر دئیے جاتے اور سارا الیکشن دوبارہ ہوتا، ہم پاکستان میں بھی یہی مطالبہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نادرا کے سربراہ طارق ملک کو اس ملک سے بھگا دیا گیا ہے اور اب قائم مقام چیئرمین نادرا اپنے 2ساتھیوں کے ساتھ مل کر الیکشن کے نتائج بدل رہے ہیں، یہ مسلم لیگ ن کی کارستانی ہے، لیکن اب نادرا میں بھی ’گو نواز گو‘ ہو رہا ہے، ہمیں سب پتا چل رہا ہے، جولوگ نتائج بدلنے کی کوشش کررہے ہیں ہم ان کے خلاف کاروائی کریں گے اور ان پر آرٹیکل 6لگائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹ میں تسلیم کیا ہے کہ ہمیں ایف بی آر کی کوئی مدد حاصل نہیں تھی کہ لوگوں کے ٹیکس کی پڑتال کر سکتے، الیکشن کمیشن کو نگران حکومت کی بھی کوئی مدد حاصل نہیں تھی، اسی طرح کا الزام فصیح بخاری نے لگایا تھا کہ الیکشن میں پری پول رگنگ ہو رہی ہے اور یہ افتخار چوہدری کروا رہا ہے، الیکشن کمیشن نے فارم نمبر 4بھی جاری نہیں کیا تھاجس وجہ سے ریٹرننگ آفیسرز نے اپنی مرضی کے نتائج تیار کئے گئے جبکہ آخری وقت پر بیلٹ پیپرز کو بھی اردو بازار سے چھپوایا گیا تھا اور مقناطیسی سیاہی بھی استعمال نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ اس رپورٹ نے دراصل تو 2013کے انتخابات کو فراڈ قرار دے دیا ہے، یہ الیکشن نواز شریف نے اپنے ساتھیوں اور افتخار چوہدری کے ساتھ ملکر خراب کئے، الیکشن کمیشن رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ آخری وقت پر پولنگ اسکیم تبدیل کر دی گئی تھی، پولنگ اسٹاف کو بدل دیا گیا، پولنگ اسٹیشنز کی جگہ ہی بدل دی گئی اور ممکنہ طور پر ریٹرننگ افسران امیدواروں کے ساتھ ملے ہوئے تھے، الیکشن کمیشن نے لکھا ہے یہ ریٹرننگ افسران کے بغیر ممکن ہی نہ تھا۔

اس رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ متعددحلقوں میں حتمی فہرست میں مزید ووٹروں کا اضافہ کیا گیا، سب سے زیادہ اضافہ میرے میانوالی کے حلقے میں کیا گیااور ریٹرننگ افسران الیکشن کمیشن کی بجائے عدلیہ کے میر جعفر افتخار چوہدری کے نیچے کام کر رہے تھے۔ انہوں الیکشن کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یو این ڈی پی کی جانب سے الیکشن کو شفا ف بنانے کے لئے کمپیوٹر سسٹم بنایا گیا اور ہر ریٹرننگ افسر کے ساتھ کمپیوٹر آپریٹر تھے لیکن اس سسٹم کو ہی اچانک بند کر دیا گیااور نتائج کو ریٹرننگ افسران نے تبدیل کیا، الیکشن کمیشن نے آج کئی مہینے گزرنے کے باوجود انتخابات کا فارم نمبر جاری نہیں کیا، اس سارے معاملے میں افتخار چوہدری ملوث تھے جنہوں نے مجھ پر کیس بھی کر رکھا ہے تو میں ان کو بتانا چاہتا ہوں میرے پاس دو بہت بڑے ثبوت آ چکے ہیں اور اب آپ کا کیس کمزور ہے، الیکشن کمیشن کے سیکریٹری اشتیاق احمد نے استعفیٰ دیا کہ افتخار چوہدری میرے کام میں مداخلت کر رہے ہیں وہ استعفیٰ ہمیں مل گیا ہے جبکہ جنرل ندیم کا 2005کا ایک بیان حلفی بھی میرے ہاتھ لگ چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل امتحان میں کامیاب ہوتی رہی جبکہ ہمیشہ حکومتیں ناکام ہوا کرتی ہیں، آج بھی یہ قوم جاگ گئی ہے، میں آپ کو دھرنے کے 41 ویں دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس قوم نے زلزلہ متاثرین کی مثالی مدد کی، انہوں نے پیسے دے کر شوکت خانم میموریل ہسپتال قائم کر دیا، آج یہ قوم سیلاب متاثرین کی بھی مدد کر رہی ہے اور میں اس پر ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملک کا کمزور طبقہ بھی جاگ گیا ہے ، اب تو تبدیلی کو بھی نہیں روک سکتا اور ہم ان کو حقوق دلائیں گے۔

سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ نئے پاکستان میں تعلیم پر سب سے زیادہ پیسہ لگائیں گے، وہاں قانون امیر اور غریب کے لئے برابر ہو گا، مزداروں کو بھی ان کے حقوق حاصل ہوں گے، اس پاکستان میں سب سے زیادہ زور علامہ اقبال کو پڑھانے پر لگائیں گے کیونکہ جس نے اقبال کو سمجھ لیا اس نے پاکستان کا فلسفہ سمجھ لیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اس سارے کچھ کے سامنے آنے کے بعد تو اس حکومت کے خلاف ہم مہم مزید تیز کرنے والے ہیں، اس جمعے کو ڈی چوک میں تاریخی دھرنا ہو گا اور یہاں ہم عوام کا سمندر لائیں گے جبکہ اتوار کے دن لاہور میں مینار پاکستان کے سائے میں میدان سجائیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات