کراچی،تاجروں کا سابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان،

ترقی اور نئے عہدے پر تعیناتی کی مبارکباد ،مستقبل کیلئے خیرسگالی کے جذبات

منگل 23 ستمبر 2014 22:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) کراچی کے تاجروں کا سابق ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان، ترقی اور نئے عہدے پر تعیناتی کی مبارکباد اور مستقبل کی کامیابیوں کیلئے خیرسگالی کے جذبات، تاجروں کی نئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اختر سے بھی بہتر کارکردگی کی توقعات وابستہ، اس سلسلے میںآ ل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے آج پریس و میڈیا کو جاری کیئے گئے ایک بیان میں سابق ڈی جی رینجرز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے شہر کی تاجر برادری کو بھتہ خوری کی لعنت سے نجات دلانے میں بھرپور، مئوثر اور جرائتمندانہ کوششیں کیں، جرائم کے خلاف پولیس سے اشتراکِ عمل کی قابلِ ستائش بنیاد رکھی، تاجروں سے مسلسل روابط اور مسائل سے آگاہی کا سلسلہ جاری رکھا،جرائم سے متاثرہ مارکیٹوں کے دورے کیئے، تاجروں کی شکایات کو خندہ پیشانی سے سُنا،موقع پر انتظامی احکامات جاری کیئے جس کے نتیجے میں بھتہ خوروں اور اغواء کاروں کے خطرناک گروپس کی سرگرمیوں کی روک تھام میں مدد ملی اور مختلف جرائم کی شرح میں واضح کمی آئی، انھوں نے کہا کہ ماہِ رمضان میں سابق ڈی جی رینجرز کی قابلِ تحسین حکمتِ عملی اور مئوثر اقدامات کے نتیجے میں بھتہ خوری، اسٹریٹ کرائم اور ٹارگٹ کلنگ جیسے جرائم میں واضح کمی ہوئی جس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیوں میں حوصلہ افزاء بہتری دیکھنے میں آئی، شہریوں کو نسبتاً پُرامن ماحول میں خریداری اور تاجروں کو اطمینان بخش حالات میں کاروبار کا موقع ملا، رینجرز نے رمضان المبارک میں مارکیٹوں کے اطراف تجاوزات، پارکنگ اور انتظامی مسائل کے حل کیلئے بھی بھرپور اقدامات کیئے، آل کراچی تاجر اتحاد کی سپریم کونسل کے ارکان اکرم رانا، انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، احمد شمسی، زبیر علی خان، محمد آصف، سید شرافت علی، عبدالغنی اخوند، دلشاد بخاری، شیخ عالم، عبدالقادر،میر عبدالحئی خان، سمیع اللہ خان، عمر سہگل، عمران پاروانی، شمیم احمد اور دیگر نے شہر میں مستقل اور مستحکم قیام امن کیلئے پولیس رینجرز اشتراکِ عمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت اور کراچی کی تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں بہتری کیلئے لازم ہے کہ شہر سے مستقل بنیادوں پر جرائم کے خلاف منصوبہ بندی کی جائے اور مختلف نوعیت کے جرائم کے خلاف سخت اور نتیجہ خیز کارروائی کی جائے،تاجروں نے رینجرز کی کارکردگی پر اظہارِ اطمیان کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز نے محکمہ پولیس کی حوصلہ افزائی اور کارکردگی کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پولیس کے ہمراہ خطرناک مجرموں کا قلع قمع کیا ہے، تاجروں نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اختر بھی تاجروں کی توقعات پر پوارا اترتے ہوئے تاجر برادری کے مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل کرینگے اور انھیں حل کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے۔

#

متعلقہ عنوان :