Live Updates

تبدیلی کا پیغام گھر گھر پہنچ چکا،28ستمبر کو عمران خان کی کال پر اہل لاہور اپنا ہی ریکارڈ توڑیں گے، مینار پاکستان پر نئی تاریخ رقم ہوگی،

لاہور میں جلسہ نوازشریف کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا‘ اعجازاحمدچوہدری / عبدالعلیم خان /محمود الرشید /میاں اسلم اقبال کا خطاب

منگل 23 ستمبر 2014 20:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء ) تحریک انصاف پنجاب کے صدر زاعجازاحمدچوہدری، ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان ، اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید، ایم پی اے میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا ملک سے کرپشن کے خاتمے، انتخابی نظام کی شفافیت اور ملک گیر تبدیلی لانے کا پیغام گھر گھر پہنچ چکا ہے جس کا عملی اظہار کرنے کے لیے اہل لاہور 28ستمبر کو مینار پاکستان پر بڑی تعداد میں جمع ہو ں گے اور 14اگست کو زندہ دلان لاہور نے جس شاندار انداز میں آزادی مارچ کا آغاز کیا تھا اس اتوار کو اس سے بھی زیادہ جوش و جذبے مظاہرہ ہوگا اور جعلی جمہوریت کے نام پر لوٹ مار کرنے اور خاندانی سیاست کو فروغ دینے والوں کو بالآخر جانا ہوگا ۔

عبدالعلیم خان نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے اتوار کے مینار پاکستان کے جلسے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس حکام اور متعلقہ اداروں سے اجازت کے لیے کاروائی شروع کردی گئی ہے اور پی ٹی آئی کی درخواستیں متعلقہ حکام تک پہنچ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی ضلع لاہور کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر پنجاب اعجازاحمدچوہدری، عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے وہ تحریک شروع کی ہے جس کی دنیامیں مثال نہیں ملتی ، اکتالیس دنوں سے آزادی کی تحریک پُرامن طریقے سے جاری ہے ، 28 ستمبر کا جلسہ نوازشریف کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا، عمران خان پاکستان کو بچانے،سنوارنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے جدوجہد کررہے ہیں، یہ مارکہ حق و باطل کے درمیان ہے ، وہ نیا پاکستان بننے جا رہا ہے جس کا خواب 1940 ء میں قائد اعظم ، علامہ محمد اقبال اور ان کے ساتھیوں نے دیکھا تھا ، انہوں نے کہاکہ خود ساختہ مینڈیٹ پر انحصار کرنے والوں کو الیکشن کمیشن کی جائزہ رپورٹ میں اصل حقیقت کا عکس نظر آجانا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے ریکارڈ کو آگ لگانے کی سازش موقع پر پکڑی گئی ہے ایسی حرکتوں سے عوامی رائے تبدیل کرنے والوں کو کوئی نہیں بچا سکتا عوامی رد عمل سے آنکھیں بند کرکے جمہوریت آگے نہیں بڑھ سکتی اب "گو نواز گو" کا نعرہ ہر پاکستانی کے دل کی آواز بن چکا ہے اور کراچی سے خیبر تک ہر اجتماع میں موجودہ حکمرانوں کی رخصتی کی دعائیں ہورہی ہیں اور انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں تمام پاکستانی اس خواب کو حقیقت کا رنگ دے کر چھوڑیں گے۔

پی ٹی آئی کے اجلاس میں شریک میاں اسلم اقبال، جمشید اقبال چیمہ، حامد معراج، شعیب صدیقی، میاں محمد افتخار، نذیر چوہان، نوشین حامدمعراج، نیلم اشرف، ڈاکٹر زرقا، فرخ جاوید مون نے 28ستمبر کے مینار پاکستان کے جلسے کے انتظامات کے لیے مختلف تجاویز دیں۔ یوتھ ونگ اور آئی ایس ایف کے عہدیداران نے سکیورٹی ، جلسہ گاہ میں نظم و ضبط اور دیگر امور کے لیے اپنی خدمات پیش کیں۔

پی ٹی آئی شعبہ خواتین کی طرف سے جلسے کی منظم تیاریوں کا اعلان کیا گیا پی ٹی آئی لاہور کے امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹاوٴن صدور نے اپنے اپنے علاقوں سے جلوسوں کے ہمراہ مینار پاکستان پہنچنے کا اعلان کیا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ لگانے اور جلسے کے دیگر انتظامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔پی ٹی آئی ضلع لاہور کے صدر نے مینار پاکستان کے جلسے کے لیے پارٹی عہدیداران پر مشتمل مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دیں جو اس دھرنے اور جلسے کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دیں گی اور جلسے کے شرکاء کو مناسب سکیورٹی و سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گی۔

اجلاس میں شنیلہ روت ، سعدیہ سہیل، منشاء سندھو، خالد گجر، یاسر گیلانی، جمشید بٹ، میاں محمودا حمد ،عالیہ حمزہ ملک، شبیرسیال، رانا شہزاد سہیل، ملک وقار، محمد مدنی، ارشد خان، ساجد جوئیہ، عثمان حمزہ، گلریز اقبال، حافظ فرحت سمیت بڑی تعداد میں ضلعی، ٹاؤن ، یوسی عہدیداران ، ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی۔ بعدازاں پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری کی صدارت میں صوبے بھر کے تمام ریجنل صدور و جنرل سیکرٹریز اور ضلعی صدور کا ہنگامی اجلاس 28 ستمبر کے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا گیا۔تمام عہدیداران اپنے اپنے اضلاع میں 28 ستمبر کے جلسے کی تیاریوں کا بھرپور آغاز کردیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات