گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور کی الطاف حسین سے ملاقات ،

پاکستان میں دھرنوں سے پیداہونے والی صورتحال ، عوام کودرپیش مسائل اورملک کے مجموعی سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 23 ستمبر 2014 20:20

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے پیر کی شب ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات تین گھنٹے طویل رہی جس کے دوران پاکستان میں دوجماعتوں کی جانب سے دیے جانے والے دھرنوں سے پیداہونے والی صورتحال ، عوام کودرپیش مسائل اورملک کے مجموعی سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

گورنرپنجاب بننے کے بعد چوہدری محمدسرور کی الطا ف حسین سے یہ پہلی ملاقات تھی۔ الطاف حسین نے گورنرپنجاب کاانٹرنیشنل سیکریٹریٹ میں گرمجوشی سے خیرمقدم کیااورانہیں خوبصورت گلدستہ پیش کیا۔اس طویل ملاقات میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اورایم کیوایم کے ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے ملاقات میں الطاف حسین سے گفتگوکرتے کہاکہ میں ہمیشہ سے آپ کامداح رہاہوں اورمیں یہ دیکھناچاہتاتھاکہ آخرآپ نے کروڑوں لوگوں پر کیاجادوکیاہواہے وہ وطن سے دوررہتے ہوئے بھی آپ کے ساتھ ہیں۔

آپ کی محبت نے مجھ پر بھی جادو کردیاہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اس بات سے کوئی انکارنہیں کرسکتاکہ آپ نے غریب اور مڈل کلاس کوایوانوں میں پہنچایا، پاکستان کوآپ جیسے لیڈرکی ضرورت ہے۔ گورنرپنجاب نے الطاف حسین سے کہاکہ میں آپ کاتہہ دل سے مشکور ہوں کہ آپ نے پاکستان میں انقلاب مارچ کے معاملے میں صورتحال کوافہام وتفہیم سے حل کرنے کے سلسلے میں حکومت کوبروقت مشورہ دیااوراس سلسلے میں اپنی بھرپورکوششیں کیں،آپ کافیصلہ درست تھا، اگرپاکستان عوامی تحریک کے مارچ کوطاقت سے روکنے کی کوشش کی جاتی تواس سے سانحہ ماڈل ٹاوٴن کی طرح کوئی بڑاسانحہ رونماہوتا۔

الطا ف حسین نے معاملات کوحقیقت پسندانہ اندازسے حل کرنے کے سلسلے میں گورنرپنجاب چوہدری محمدسرورکے کردارکو سراہا اورکہاکہ آپ نے اپنے حسن اخلاق سے ہمارے دل میں جگہ بنالی ہے۔ملاقات میں دونوں رہنماوٴں نے پنجاب میںآ نے والے سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونیوالی تباہی پر بھی افسوس کااظہارکیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ ہم اپنی بساط کے مطابق سیلاب زدگان اورآئی ڈی پیز کی مددکررہے ہیں۔

میں نے اس مرتبہ اپنی سالگرہ کے تمام اجتماعات کوسیلاب زدگان اورآئی ڈی پیز کیلئے عطیات جمع کرنے کے سلسلے میں فنڈریزنگ پروگرام میں تبدیل کردیا۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے سیلاب زدگان اورآئی ڈی پیز کی امداد کے لئے ایم کیوایم کی کوکوششوں کوسراہا۔ اس موقع پر گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور کے اعزازمیں عشائیہ بھی دیاگیا۔