پشتونخواملی عوامی پارٹی کے وفد کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات،ژوب کے دورے کی دعوت دی

منگل 23 ستمبر 2014 20:14

کوئٹہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رضا محمد رضا کی قیادت میں ژوب پارٹی رہنماؤں کے وفد نے پشتون بلوچ دوقومی صوبے کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ملاقات کی ۔ وفد میں پشتونخوامیپ ضلع ژوب کے سیکرٹری عبدالقیوم ایڈووکیٹ ،اللہ یار خان ،نعمت اللہ ،محمد اسلم اور عبدالخالق شامل تھے ۔

وفد نے وزیر اعلیٰ کی توجہ ضلع ژوب کے گھمبیر اور حل طلب مسائل کی جانب مبذول کراتے ہوئے انہیں ضلع ژوب کے دور ے کی دعوت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے دعوت قبول کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ وہ جلد ہی ژوب کے مسائل کے حل کے حوالے سے ژوب کا دورہ کرینگے ۔ اس موقع پر وفد نے وزیر اعلیٰ کو ضلع ژوب کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کے حوالے سے ایک یاداشت پیش کی ۔

(جاری ہے)

پیش کردہ یاداش میں کہا گیا ہے کہ ضلع ژوب میں ویٹرنری کالج کا قیام اورعوام کو فنی وتکنیکی لحاظ سے تربیت دینے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر قائم کےئے جائے اور سبکزئی ڈیم اور سیلیزہ سے ژوب شہر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائے ،عوام کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے ریذیڈنشل سکول کا قیام عوام کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے ، ژوب کے عوام چونکہ قدرتی گیس سے محروم ہے علاقہ میں قدرتی گیس کی عدم فراہمی کی وجہ سے قدرتی جنگلات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے لہٰذا باقی ماندہ جنگلات کو بچانے کیلئے گیس پلانٹ کا قیام عمل میں لایا جائے ، شن غر روڈ ،قمرالدین کاریز روڈ ،میر علی خیل روڈ ،دانہ عبداللہ زئی روڈ کیلئے مزید فنڈز دےئے جائے، ژوب میں نئے ڈیمز کی تعمیر اور سبکزئی ڈیم میں اضافی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے اس کی ہائٹ میں اضافہ کیلئے فنڈز کی فراہمی کی اشد ضرورت ہے ،ژوب بلدیہ کیلئے جدید مشینری اور فنڈز کی فراہمی سے ژوب شہر اور گردنواح کے علاقوں میں صفائی کی صورتحال میں کافی بہترئی آئے گی اور چونکہ ژوب ضلع قحط سالی کا شکار ہے لہٰذا چارہ وادویات ہنگامی بنیادوں پر فراہم کےئے جائے ۔

وزیر اعلیٰ نے وفد کو مذکورہ مسائل کو حل کرنے کیلئے یقین دہانی کرائی اور کہا کہ موجودہ عوامی جمہوری سیاسی حکومت بلا امتیاز صوبے کے تمام علاقوں کی ترقی اور عوام کے فلاح وبہبود کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیگی۔

متعلقہ عنوان :