پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی مندی کا رجحان،

پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 350 روپے فی من تک ریکارڈ کمی

منگل 23 ستمبر 2014 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) چین کی جانب سے کاٹن ائیر 2014-15ء کے دوران نیشنل ریزروز کیلئے روئی خریداری نہ کرنے کے فیصلے کے بعد روئی درآمدی کوٹہ بھی نہ بڑھانے کے اعلان کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں غیر معمولی مندی کا رجحان۔ نیویارک کاٹن ایکسچینج میں روئی کی قیمتیں پچھلے 4سال کی کم ترین سطح تک گر گئیں جبکہ پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 350 روپے فی من تک ریکارڈ کمی ۔

ممبر پی سی جی اے احسان الحق نے بتایا کہ چند روز قبل چین کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ کاٹن ائیر 2014-15ء کے دوران اپنے روئی کے نیشنل ریزوروز کیلئے کاشتکاروں سے براہ راست روئی خریدنے کی بجائے اوپن مارکیٹ میں روئی کی قیمتیں 19 ہزار 800 یو آن(3220ڈالر ) فی ٹن سے کم ہونے کی صورت میں کاشتکاروں کو سبسڈی کی ادائیگی کرے گاجبکہ دو روز قبل چین کی جانب سے جاری کی گئی کاٹن امپوٹ پالیسی کے مطابق چین 2014-15ء کے دوران کاٹن امپوٹ کوٹہ میں بھی اضافہ نہیں کرے گا اور صرف 8لاکھ 94 ہزار ٹن روئی 1 فیصد درآمدی ڈیوٹی پر درآمد کرے گا ۔

(جاری ہے)

چین کی جانب سے اس اعلان کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں زبردست مندی کا رجحان سامنے آ گیا جس کے دوران سوموار اور منگل کی درمیانی شب نیویارک کاٹن ایکسچینج میں روئی کی قیمتیں ریکارڈ 1.80 سینٹ فی پاؤنڈ سے 2.34 سینٹ فی پاؤنڈ کمی کے بعد پچھلے چار سال کی کم ترین سطح 62.59 سینٹ فی پاؤنڈ سے 62.68 سینٹ فی پاؤنڈ تک گر گئیں جبکہ پاکستان میں اوپن مارکیٹ میں پچھلے چند روز کے دوران روئی کی قیمتیں 350 روپے فی من مندی کے بعد پنجاب میں 5 ہزار 450 روپے جبکہ سندھ میں 5 ہزار 350 روپے فی من تک گر گئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن میں بھی گزشتہ دو روز کے دوران روئی کی قیمتیں 150 روپے فی من مندی کے بعد 5 ہزار 350 روپے فی من تک جبکہ بھارت میں روئی کی قیمتیں ریکارڈ 1 ہزار 470 روپے فی کینڈی کمی کے بعد 37 ہزار 42 روپے فی کینڈی تک گر گئیں۔انہوں نے بتایا کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بین الاقوامی منڈیوں میں ڈالر کے مقابلے میں یورو اور پاؤنڈ کی قیمتوں میں مسلسل مندی کے رجحان کے باعث آئندہ چند روز کے دوران روئی کی قیمتوں میں مزید مندی کا رجحان متوقع ہے

متعلقہ عنوان :