Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے منگل کو بھی سی ویو کلفٹن پر احتجاجی دھرنا دیا گیا

منگل 23 ستمبر 2014 19:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے منگل کو بھی سی ویو کلفٹن پر احتجاجی دھرنا دیا گیا ۔ احتجاجی دھرنے میں پی ٹی آئی کے کارکنوں ، خواتین ، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ دھرنے کے شرکاء گو نواز گو کے نعرے لگا رہے تھے ۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماوٴں انجینئر نجیب ہارون ، سبحان علی ساحل ، خرم شیر زمان ، دوا خان صابر ، جمال صدیقی اور دیگر نے کہا کہ گو نواز گو کا نعرہ عوام کی دل کی آواز بن چکا ہے ۔

(جاری ہے)

تبدیلی کی لہر کا آغاز تحریک انصاف نے کیا ہے اور اس کا انجام نواز شریف کے استعفیٰ سے ممکن ہو گا اور جلد نواز شریف عوامی دباوٴ کے سبب مستعفی ہو جائیں گے کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ دھاندلی سے وجود میں آنے والی نواز لیگ کی حکومت کا جہاز ڈوبنے والا ہے ۔ ان رہنماوٴں نے کہا کہ عمران خان کا دورہ کراچی انتہائی کامیاب رہا ہے اور اب لاہور میں تحریک انصاف حکمران جماعت کے خلاف دما دم مست قلندر کرے گی اور ثابت کر دے گی کہ لاہور نواز شریف کا نہیں بلکہ عمران خان کا قلعہ ہے ۔ ان رہنماوٴں نے کہاکہ جب تک چوروں کا ٹولہ مستعفی نہیں ہو گا ، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے اور عوام کے مسائل اب عمران خان ہی حل کریں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات