پاکستان میں مرنا آسان اور جینا مشکل ہوگیا ہے،الیکشن کمیشن کی رپورٹ نے دھاندلی کا پول کھول دیا ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا ،

حکومت عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دے رہی ہے،دھرنے والوں کی مخلصانہ اور دلیرانہ جدوجہدرنگ لانیوالی ہے‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل

منگل 23 ستمبر 2014 18:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان میں مرنا آسان اور جینا مشکل ہوگیا ہے،وزیر اعظم بیرونی آقاؤں سے اقتدارکی بھیک مانگنے امریکہ جارہے ہیں ،الیکشن کمیشن کی رپورٹ نے دھاندلی کا پول کھول دیا ہے،اگر موجودہ دھرنے غیر آئینی ہیں تو پھر بینظیر بھٹو حکومت کیخلاف نواز شریف کی تحریک نجات اور بینظیر بھٹو کا نواز شریف حکومت کے خلاف لانگ مارچ بھی غیر آئینی تھا ،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تقریری مقابلہ میں عوام کی مایوسی میں اضافہکیا ہے،موجودہ حکومت قومی بینکوں سے ساڑھے چودہ ارب کے قرضے لے چکی ہے،حکمرانوں کا ہر وعدہ ”محبوب کا وعدہ“ ثابت ہوا ہے،حکومت عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دے رہی ہے،دھرنے والوں کی مخلصانہ اور دلیرانہ جدوجہدرنگ لانے والی ہے،قوم موجودہ نظام اور اس کے رکھوالوں سے نجات چاہتی ہے،وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کی گھنٹی بج چکی ہے،چالیس روزہ دھرنے ملکی سیاست میں یادگار اور تاریخ ساز واقعہ ہے،حکمران دھرنے شرکاء کے ناقابل تسخیر جذبوں سے خوفزدہ ہیں ،حکمرانوں کے بیرونی دورے سیر سپاٹوں کے سوا کچھ نہیں ہوتے،حکام کے غیر ضروری غیرملکی دوروں کی قیمت عوام ادا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء و مشائخ اور اہلسنّت قائدین سے ٹیلیفونک رابطوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ باریوں کی سیاست نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔حکمران عوام سے کٹ کر اونچے محلات میں بیٹھ کر چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔مظلوموں، محروموں،مجبوروں اور ناداروں کا کوئی پرسان حال نہیں ۔نظام بدلے گا تو خوشحالی عوام کا مقدر بنے گی۔حقیقی جمہوریت آئے گی تو ملک ترقی کرے گا۔گونواز گو کا نعرہ زبان زدِ عام ہوچکا ہے۔چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکمران خوشحال اور ملک بدحال ہوگیا ہے۔قومی خزانہ خالی اور حکمرانوں کی جیبیں بھرتی جارہی ہیں۔خطرہ جمہوریت کو نہیں پاکستانی سیاست کے پرانے اجارہ داروں کو ہے۔