Live Updates

ملازمتوں کی رشوت نوجوانوں کو ”گو نواز گو “تحریک اور عمران خان کے نظریے سے دور نہیں کرسکتی‘ میاں محمود الرشید ،

اووربلنگ کا اعتراف کر کے کابینہ نے اقبال جرم کیا،بلوں کیلئے خون بیچنے پر مجبور کرنے والی حکومت کو عوام مزید برداشت کیوں کریں؟

منگل 23 ستمبر 2014 18:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) قائد حزب اختلاف پنجاب وتحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ایسے نظام پر لعنت جس میں غریب کو خون بیچ کر بجلی کے بل ادا کرنا پڑیں، بلوں کیلئے خون بیچنے پر مجبور کرنے والی حکومت کو عوام مزید برداشت کیوں کریں؟ ،حکمرانوں نے عوام سے ووٹ لیے ہوتے تو انہیں انکے دکھ ، درد کا احساس ہوتا ،کابینہ نے اووربلنگ کا اعتراف کر کے اقبال جرم کیا،گھریلو صارفین کو اربوں روپے کے اضافی بل بھجوانے والے افسران کو گرفتار اور پانی و بجلی کے دونوں وزراء کوبرطرف ہوناچاہیے۔

گزشتہ روز انہوں نے اپنے دفتر میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جون ، جولائی اور اگست کے بل گزشتہ سال کی نسبت 90سے 100فیصد اضافے کے ساتھ آئے ، ہم نے دو ماہ قبل اووربلنگ پر حکمرانوں کو خبردار کیا تھا مگر آئی ایم ایف کے قرضوں کے خواہش مند حکمرانوں نے اس پر کوئی توجہ نہ دی، آج جب لوگ بل دینے کیلئے خون بیچ رہے ہیں اور بجلی کے بل نذر آتش کر کے تحریک انصاف کی تحریک میں شامل ہو رہے ہیں تو کابینہ کو بھی اس زیادتی پر مگرمچھ کے آنسو بہانے کا خیال آ گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان عوامی حقوق کیلئے میدان میں موجود نہ ہوتا تو عوام کی چیخ و پکار کبھی حکمرانوں کے کانوں تک نہ پہنچتی ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے ظالمانہ بلوں نے 50فیصد سے زائد آبادی کو بھوکا سونے پر مجبور کر دیا ہے اور جان لیوا مہنگائی کے ہاتھوں بے بس سفید پوش طبقہ بھی قرضے لیکر بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہو گیا ہے ۔انہوں نے کابینہ کی طرف سے ملازمتوں پر پابندی ختم کرنے کے ڈھونگ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پابندی ختم کرنے والے پہلے یہ بتائیں کہ انہوں نے جب سے وہ برسراقتدار آئیں ہیں ملازمتوں پر پابندی کیوں لگائے رکھی؟آج جب نوجوان تحریک انصاف کی تحریک کے روح رواں ہیں تو حکمرانوں کو ملازمتوں پر پابندی ختم کرنے کاخیال آ گیا تاہم یہ تمام ہتھکنڈے لیپ ٹاپ ڈرامہ کی طرح ناکام شو ثابت ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ مہمان حکمران سن لیں کہ ملازمتوں کی رشوت نوجوانوں کو گو نواز گو تحریک اور عمران خان کے نظریے سے دور نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تاریخی جلسہ کے بعد لاہور میں جلسہ کے اعلان نے حکمرانوں کے چھکے چھڑا دئیے ہیں اور اب انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کیلئے مزید پولیس اور جیلیں کہاں سے لائیں؟ ۔انہوں نے کہا کہ لاہور کا 28ستمبر کا جلسہ 30اکتوبر 2011 ء کے جلسہ کا ریکارڈ توڑے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :