الیکشن کمیشن کا انتخابی قوانین میں ترامیم کا فیصلہ ، کمیشن نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کو مسودہ بھجوا دیا

منگل 23 ستمبر 2014 17:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) الیکشن کمیشن نے انتخابی قوانین میں ترامیم کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کو مسودہ بھجوا دیا ہے۔مسودے کے متن کے مطابق عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان صدر از خود نہیں کر سکیں گے، انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی مشاورت سے کیا جائے گا،ریٹرننگ افسران الیکشن کمیشن کے ماتحت ہوں گے، پولنگ سے 90 روز قبل ووٹ کی منتقلی پر پابندی ہو گی، انتخابات سے ایک ماہ قبل پولنگ اسکیم میں تبدیلی نہیں ہو سکے گی۔

(جاری ہے)

مسودے میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے انتخابی اخراجات میں اضافے اور امیدواروں کی اسکروٹنی کی مدت 7روز سے بڑھا کر 15روز کرنیکی تجویز دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کے امیدوار کیلئے انتخابی اخراجات کی حد 60 لاکھ روپے ‘صوبائی اسمبلی کے امیدوار کیلئے انتخابی اخراجات کی حد 40 لاکھ روپے ہوگی ۔ مسودے کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات پر غلط بیانی پر تین سال قید کی سزا سنائی جائے گی اثاثہ جات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت 60 روز کیلئے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مسودے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو اثاثوں کی تفصیلات کی جانچ پڑتال کا اختیار ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :