حلقہ این اے 122 کے انتخابی ریکارڈ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے، سردار ایاز صادق

منگل 23 ستمبر 2014 17:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈی سی او لاہور کو ہدایت کی ہے کہ حلقہ این اے 122 کے انتخابی ریکارڈ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور جس جگہ پر یہ ریکارڈ موجود ہے وہاں بجلی کی وائرنگ کی جانچ پڑتال کی جائے اور وہاں آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے ۔ منگل کو سپیکر چیمبر میں پارلیمانی رپورٹرز سے بات چیت کے دوران جب ایک صحافی نے لاہور کے ایک سوال میں آگ لگنے اور اس کے نتیجے میں انتخابی ریکارڈ جل جانے سے متعلق سوال کیا تو سپیکر نے انتہائی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اپنے حلقے این اے 122 کے انتخابی ریکارڈ کے حوالے سے لاہور سے معلومات حاصل کی جس پر انہیں بتایا گیا کہ این اے 122 لاہور کا تمام ریکارڈ ڈی سی ٹریژری آفس میں ہے اور محفوظ ہے جس پر سپیکر نے اطمینان کا اظہار کیا اور ڈی سی او کو ہدایت کی کہ اس ریکار کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے وہاں بجلی کی وائرنگ کی جانچ پڑتال کی جائے اور آگ بجھانے کے آلات نصب کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے کہا کہ میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں نے ایک بھی جعلی ووٹ نہیں ڈلوایا اور نہ ہی پولنگ کے دوران میرے حلقے میں ایک بھی ووٹ چیلنج ہوا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے عدالت سے حکم امتناعی اس حوالے سے لیا ہے کہ انتخابی ریکارڈ دیکھنے کا اختیار الیکشن ٹریبونل کو ہے کسی ریٹرننگ افسر کو نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :