جنرل راشد محمود کی زیر صدارت جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس

منگل 23 ستمبر 2014 17:42

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) ملک کی عسکری قیادت نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تینوں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جامع سیکیورٹی حکمت عملی کے مطابق ملک بھر سے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیاہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اجلاس جائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ہوا ، چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے اجلاس کی صدارت کی ۔

اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ ، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ ، سیکرٹری دفاع اور تینوں افواج کے اعلیٰ فوجی افسران نے شرکت کی۔ جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا یہ اجلاس ہر تین ماہ بعد ہوتا ہے جس میں اعلیٰ فوجی قیادت ، تینوں مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتی ہے اور خاص طور پر اشتراک کار کے حوالے سے غور کیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء نے دہشتگردی کے خطرے کیخلاف کی جانیوالی کارروائیوں اور آپریشن ضرب عضب میں ہونیوالی پیش رفت کو سراہا۔ عسکری قیادت نے ملک کو درپیش مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسلح افواج کی تیاریوں کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے مسلح افواج کی جانب سے حالیہ سیلابوں کے دوران ملک کے طول عرض میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کو بھی سراہا۔ اجلاس کے شرکاء نے جامع سیکیورٹی حکمت عملی کے مطابق ملک بھر سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :