پشاوردھماکہ ،وزیر اعلی پرویز خٹک کی مذمت،معاوضوں کا اعلان

منگل 23 ستمبر 2014 16:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پشاور صدر میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوردہشت گردی کے اس بزدلانہ واقعہ میں شہید ہونے والے سکیورٹی جوانوں اور عام شہریوں کے درجات کی بلندی کی دعا کی جبکہ اس میں شہید اور زخمی شہریوں کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے شہید پیکیج کے تحت معاوضوں کا اعلان بھی کیا ہے پیکیج کے تحت واقعے میں شہید خاتون اور دوسرے جاں بحق شہریوں کے ورثاء کو پانچ پانچ لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے دیئے جائینگے اسی طرح شہید اور زخمی ایف سی جوانوں کے ورثاء کو محکمانہ سطح پر معاوضے ملیں گے وزیراعلیٰ نے اس المناک واقعے کی اطلاع پاتے ہی پشاور کی ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اوروزراء و ارکان اسمبلی سے رابطہ کرکے جائے حادثہ اور متاثرین کے پاس پہنچنے اور ریسکیو کام میں سیکیورٹی فورسز سے پورا تعاون کرنے کی ہدایت کی نیز شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے اور متاثرین کی داد رسی کی ہدایت بھی کی انہوں نے واقعہ میں زخمی افراد کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہد ایت کی وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا پرویز خٹک۸ نے واضح کیاکہ دہشت گردی کا یہ واقعہ وزیرستان آپریشن کا شاخسانہ ہے جس کا مقصد سیکورٹی جوانوں اور عوام کا مورال گرانا ہے تاہم حکومت اور پولیس و سیکورٹی ادارے عوام کی جان ومال کی حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور نہ ہی دہشت و تخریب کاری کے خلاف عوام کا عزم کمزور ہوگا انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس نے دہشت گردی کے کئی واقعات ناکام بنائے اور حالیہ اندوہناک واقعے کے پس پشت قوتوں کو بے نقاب اور دہشت گرد عناصر کا قلع قمع کرنے میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :