Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی استعفیٰ دینے کو تیار نہیں ،سینیٹر حاجی غلام علی

منگل 23 ستمبر 2014 16:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی جانب سے طلب کئے گئے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کو تیار نہیں ہیں‘ کنٹینر پر کھڑے ہوکر عمران خان اپنی پارٹی کے ایم این ایز سے استعفے نہیں لے سکتے تو وزیراعظم سے کس منہ سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔

عوام نے دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این ایز کی جانب سے دئیے گئے استعفوں پر انہیں طلب کیا جن میں سے کوئی بھی پیش نہیں ہوا جس سے عمران خان کو دن میں تارے نظر آجائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم سے استعفیٰ لینے والا کنٹینر پر کھڑے ہوکر پہلے اپنے ایم این ایز سے استعفے لے لے پھر وزیراعظم کے مستعفی ہونے کی بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا پتہ اس بات سے چلایا جاسکتا ہے کہ جاوید ہاشمی کے علاوہ کوئی بھی استعفیٰ دینے کو تیار نہیں ہے اور نہ ہی خود چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان استعفیٰ دینے کو تیار ہے۔ عمران خان دھرنوں اور احتجاج کی سیاست سے عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتے۔ پاکستانی عوام نے ان کی سڑکوں کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔۔(قیصر/زیاد)

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات