سپریم کورٹ نے انتخابی عذرداریوں کو ایک ساتھ الگ بنچ میں سننے کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا

منگل 23 ستمبر 2014 14:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) سپریم کورٹ نے زیر سماعت انتخابی عذرداریوں کو ایک ساتھ الگ بنچ میں سننے کیلئے معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوادیا اور ان سے استدعاء کی ہے کہ انتخابی عذرداریاں اور انگوٹھوں کی تصدیق کے حوالے سے معاملات کو اکٹھا سننے کیلئے ایک الگ بنچ میں لگایا جائے جو ان تمام معاملات کو اکٹھا سن سکے۔

منگل کے روز جسٹس ثا قب نثا ر کی سر براہی میں تین رکنی بنچ نے ان مقدما ت کی سما عت کی ، قومی اسمبلی کے حلقے این اے 202 میں ابراہیم جتوئی بنام آفتاب شعبان میرانی عذرداری کی سماعت کے دورانجسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انگوٹھوں کی تصدیق کا معاملہ قومی مسئلہ بن چکا ہے اسلئے چاہتے ہیں کہ انتخابی عذرداریاں اور انگوٹھوں کی تصدیق کے معاملے کو ایک ساتھ سنا جائے اسلئے یہ معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو ارسال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی بنچ میں راجہ امیر زمان بنام عمر ایوب خان‘ امیر حیدر ہوتی بنام ناصر خان‘ صاحبزادہ یعقوب کے انتخابی مقدمات سماعت کیلئے مقرر تھے تاہم عدالت نے ان سب مقدمات کو اکٹھا کرلیا اور ان سارے معاملات کو چیف جسٹس آف پاکستان کو ارسال کردیا ہے۔ عدالت نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو ہدایت کی کہ وہ ان انتخابی عذرداریوں کے معاملے اور انگوٹھوں کی تصدیق بارے مقدمات کو چیف جسٹس آف پاکستان کے روبرو پیش کرے اور ان سے استدعاء کی جائے کہ ایک ایسا الگ بنچ بنایا جائے جو ان مذکورہ بالا تمام مقدمات کی ایک ساتھ سماعت کرسکے بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔۔(قیصر/اختر صدیقی)

متعلقہ عنوان :