کشمور اور گدو میں نچلے درجے کا سیلاب ، گدو اور کوٹری بیراج میں سیلاب میں کمی آنا شروع ہوگئی

منگل 23 ستمبر 2014 13:09

جھنگ /سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) جھنگ کی تحصیل احمد پور سیال میں سیلاب کے باعث 63 دیہات زیرآب آگئے‘ 7 ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ۔منگل کو اطلاعا ت کے مطابق جھنگ کے علاقے احمد پور سیال میں دریائے چناب میں آنے والی طغیانی نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی اور اس کے نتیجے میں 63 دیہات زیرآب آئے جہاں سینکڑوں گھر پانی میں بہہ گئے اور 7 ہزار ایکڑ پر کھڑی کماد، چاول اور کپاس کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

سیلاب کے نتیجہ میں 20 ہزار خاندان بے گھر ہوئے۔ علاقہ میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 4 ریلیف کیمپ قائم کئے گئے جہاں لوگوں کو پکا پکایا کھانا اور طبی امداد فراہم کی گئی۔ حکام کے مطابق علاقہ سے پانی اترنے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد گھروں کو واپس لوٹنا شروع ہوگئی ہے گڑھ مہاراجہ میں قائم امدادی کیمپ تاحال فعال ہے۔

(جاری ہے)

ادھر کشمور اور گدو میں نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ گدو اور کوٹری بیراج میں سیلاب میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ کے علاقوں کشمور، گھوٹکی، گدو، سکھر اور خیرپور کے علاقوں میں سے سیلابی پانی میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے اور مذکورہ علاقوں میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کی امدادی ٹیمیں متاثرین کی امداد میں مصروف عمل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز گدو بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 58 ہزار 955 کیوسک جبکہ اخراج ایک لاکھ 36 ہزار 6 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ کوٹری بیراج میں پانی کی آمد ایک لاکھ 35 ہزار 240 کیوسک اور اخراج 98 ہزار 250 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سیلاب کی اطلاع دینے والے مرکز کی رپورٹ کے مطابق سیلابی پانی نوشہرو فیروز سے گزر رہا ہے اور آئندہ 5 روز تک سمندر میں گر جائے گا۔

متعلقہ عنوان :