سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے سراج الحق کا ٹیلی فونک رابطہ

منگل 23 ستمبر 2014 12:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو درخواست کی ہے کہ وہ تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفیٰ منظور کرنے میں جلدی نہ کریں ورنہ سیاسی بحران مزید شدت اختیار کرجائے گا ۔ منگل کے روز سراج الحق نے ایاز صادق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں سراج الحق نے ایاز صادق سے تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

سراج الحق نے ایاز صادق سے اپیل کی ہے کہ ابھی تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفیٰ منظور نہ کئے جائیں کیونکہ سیاسی جرگہ نے مذاکرات کیلئے تحریک انصاف سے ملاقاتیں کرنی ہیں اور ابھی تک مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اگر ابھی استعفوں کو منظور کیا گیا تو پھر سیاسی بحران مزیدشدت اختیار کرجائے گا اور مذاکرات کا دور بھی خطرہ میں پڑ جائے گا۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سراج الحق کو یقین دہانی کرائی ہے کہ عجلت میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا ، پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں پرآئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ وا ضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے استعفیٰ دینے والے ارکان اسمبلی کو 25 اور 26 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے ، شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سپیکرکی جانب سے تاحال کوئی نوٹس نہیں ملا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی ، علی محمد خان اور اسد عمر کو 25 ستمبر دن گیارہ بجے طلب کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر عارف علوی ، شیریں مزاری اور منزہ حسن کو 26 ستمبر کو اسپیکر چیمبر آنے کی دعوت دی گئی ہے۔ اسپیکر چیمبر کے مطابق تحریک انصاف کے پانچ ارکان نے اپنے استعفے پارٹی چیئرمین کو ایڈریس کیے تھے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے استعفے اسپیکر کے نام دیں۔ دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نوٹس موصول ہونے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کریں گے