پاکستان کرکٹ بورڈ اگلے چار ماہ میں ملازمین کی ڈاؤن سائزنگ کا آغاز کردے گا

منگل 23 ستمبر 2014 12:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ اگلے چار ماہ میں ملازمین کی ڈاؤن سائزنگ کا آغاز کردے گا۔اس حوالے سے ایک ایچ آرکمپنی کو ذمے داری سونپی جارہی ہے۔پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے بتایا کہ پی سی بی نے ہر ڈپارٹمنٹل ہیڈ کو ملازمین کی سالانہ کانفیڈینشل رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسی رپورٹ کو بنیاد بناکر ڈاؤن سائزنگ کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ابھی یہ طے نہیں ہوا ہے کہ کتنے ملازمین کو فارغ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ سے ملنے والی اے سی آر کو اس ہیومن ریسورس کمپنی کو سونپ دیا جائے گا۔جسے فالتو ملازمین کی فہرست تیار کرنے کے لئے کہا جائے گا۔شہریار خان نے کہا کہ اگر شعبے کے سر براہ کی رپورٹ کو بنیاد بنایا جائے تو وہ پسند نا پسند پر فیصلے کرے گا۔ہم نے مکمل ہوم روک کے ساتھ فالتو ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے قانونی پہلووں کو بھی سامنے رکھا جائے گا تاکہ ملازمت سے نکالنے والا اپنی برطرفی کو چیلنج نہ کرسکے۔ماضی میں ہوم ورک کے بغیر ملازمین کو نکالا جاتا تھا۔جس کے باعث وہ ملازم عدالت سے بحال ہوجاتے تھے۔اس وقت بورڈ کے پاس ایک ہزار سے زائد ملازم ہیں۔