حوثی باغیوں کا یمنی میجر جنرل کے گھر پر قبضہ ،دھماکے سے اڑانے کی دھمکی

منگل 23 ستمبر 2014 11:34

صنعا ء(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) یمن کے دارالحکومت صنعا ء میں حوثی شیعہ باغیوں نے فوج کی ایلیٹ فرسٹ آرمرڈ ڈویڑن کے سربراہ میجر جنرل علی محسن الاحمر کے مکان پر قبضہ کر لیا ،عرب ٹی وی کے مطابق باغیوں نے کہاکہ وہ جنرل احمر کی قیام گاہ کو دھماکے سے اڑانے کی تیاری کررہے ہیں،حوثی باغیوں نے ملک میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے صدر عبدربہ منصور ہادی کے ساتھ ایک سمجھوتے پر دستخط کے بعد جنرل احمر کی قیام گاہ پر قبضہ کرلیا،اس سمجھوتے کے تحت موجودہ حکومت مستعفی ہوجائے گی اور اس کی جگہ نئی حکومت قائم کی جائے گی۔

اس میں حوثیوں کے سیاسی مشیر مقرر کیے جائیں گے۔اس سمجھوتے پر فریقین نے اقوام متحدہ کے یمن کے لیے خصوصی نمائندے جمال بن عمر کی موجودگی میں دستخط کیے تھے،حوثیوں نے صنعا ء میں حکومت کے ہیڈکوارٹرز سمیت تزویراتی اہمیت کی حامل اہم چوکیوں پر قبضہ کر لیا تھاتاہم انھوں نے مفاہمتی سمجھوتے پر دستخط کے تھوڑی بعد سرکاری کمپلیکس کا کنٹرول ملٹری پولیس کے حوالے کردیا تھا،یمنی حکام کے مطابق گذشتہ روز تشدد کے واقعات میں ایک سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

ان میں زیادہ تر صنعا کے شمالی حصے میں جھڑپوں میں مارے گئے تھے۔ تشدد کے ان واقعات کے بعد یمنی وزیراعظم محمد سالم باسندوہ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :