کراچی ،امریکن قونصل جنرل برائن ہیتھ نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو پولیس کیلئے 6 ٹرکس اور ایک ہزار بلٹ پروف جیکٹس وہیلمٹس فراہم کیے

پیر 22 ستمبر 2014 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) امریکن قونصل جنرل برائن ہیتھ اور بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ افیئرز برائے یو ایس ڈپارٹمنٹ آف اسٹیٹس کی جانب سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک سادہ اور پروقار تقریب میں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو سندھ پولیس کیلئے 6 ٹرکس اور ایک ہزار بلٹ پروف جیکٹس وہیلمٹس فراہم کیں۔

قونصل جنرل امریکا نے کہا کہ فراہم کی جانے والی گاڑیوں کی مجموعی مالیت ایک لاکھ 26 ہزار ڈالر ہے جبکہ 16 لاکھ ڈالر مالیت کی اسلحہ سے متعلق معلومات کی مربوط جانچ کا نظام (IBIS) بھی فراہم کیا گیا ہے۔ 2011ء سے لے کر اب تک امریکی حکومت نے سندھ پولیس کو 32 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی بکتر بند گاڑیاں تحقیقاتی سامان‘ بلٹ پروف جیکٹس‘ ہیلمٹس اور جی پی ایس فراہم کیا ہے علاوہ ازیں مذکورہ ڈپارٹمنٹ نے کراچی میں خواتین کے تین پولیس اسٹیشنوں کے قیام میں بھی معاونت کی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں قونصل جنرل نے کہا کہ خصوصی طور پر سندھ پولیس کی خواتین افسران کے لئے فراہم کی گئی مذکورہ گاڑیاں مختص کردہ 12 گاڑیوں کی پہلی قسط ہے جبکہ سندھ پولیس کو فراہم کردہ آئی بی آئی ایس ایک ایسا جدید نظام ہے جو فارنزک ڈویژن سند پولیس کے تحت ناصرف اسلحہ سے متعلق تفتیشی امور میں کارآمد تفصیلات کا احاطہ کرے گا بلکہ فارنزک سائنس کے طریقوں پر مشتمل تفتیشی صلاحیتوں کو بھی فروغ دے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی این ایل سندھ پولیس کی تفتیشی صلاحیتوں میں اضافے‘ انسانی حقوق کی پاسداری‘ افسران کی سیکیورٹی وفارنزک سائنس پر مشتمل تربیتی نصاب کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور مزید بہتر کرنے جیسے تمام ضروری امور میں معاونت کرے گا جبکہ کی معاونت سے کراچی میں قائم کئے گئے 3 خواتین پولیس اسٹیشنوں کو کمیونی کیشن آلات‘ فرسٹ ایڈکٹس‘ کوسٹر بسز‘ وین اور پک اپ ٹرکس کی فراہمی میں بھی ہر ممکن معاونت کی ہے۔

آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی این ایل اور سندھ پولیس کے باہمی اشتراک پر مشتمل امور سے سندھ پولیس کا ایک نیا تربیتی نظام فروغ پائے گا جس سے بلاشبہ پولیس کی آپریشنل وانویسٹی گیشن سے متعلق استعدادی صلاحیتوں میں ناصرف اضافہ ہوگا بلکہ صوبے بھر میں امن وامان کی صورتحال میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ/ سی آئی ڈی ذاکر حسین‘ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو سمیت ہیڈ کوارٹرز سندھ‘ کرائم برانچ‘ ٹریننگ برانچ‘ اسپیشل برانچ کے ڈی آئی جیز ودیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔#

متعلقہ عنوان :