وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید سے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ،

حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے پرویز رشید کی گفتگو

پیر 22 ستمبر 2014 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید سے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر ملک فرقان غیاث کی قیادت میں کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ اجلاس میں پیمرا کے قائم مقام چیئرمین پرویز راٹھور نے بھی شرکت کی۔ کیبل آپریٹرز نے اپنے مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان کے ایشوز کو جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا حق ہے کہ وہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے اپنی پسند کا چینل دیکھیں۔ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، وہ کسی بھی جمہوری معاشرہ کیلئے اولین شرط ہے۔ انہوں نے کیبل آپریٹرز سے کہا کہ وہ اپنی سروس ڈلیوری میکنزم کو بہتر بنائیں تاکہ لوگ مختلف چینلز کی بلا تعطل ٹرانسمیشن دیکھ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز اپنے سسٹم کو 2015ء تک ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کریں۔ انہوں نے پیمرا کو ہدایت کی کہ ایسے سسٹمز کو ڈیجیٹل بنانے کے عمل کی تصدیق کریں۔ انہوں نے پیمرا کے قائم مقام چیئرمین سے کہا کہ لائسنس جاری کرتے وقت ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں کیبل سروس دستیاب نہیں یا اس کی کم رسائی ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آپریٹرز کے درمیان صحت مندانہ مقابلے کی فضاء قائم کی جائے تاکہ ناظرین معیاری سروس سے مستفید ہو سکیں۔ کیبل آپریٹرز نے وفاقی وزیر کو یقین دلایاکہ وہ پیمرا قوانین کا پورا احترام کریں گے اور ٹی وی چینلز کی آسان اور بہتر نشریات کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :