Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کا حلقہ این اے 149 میں ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ،این اے 149 کے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ کا لائحہ عمل پارٹی مشاورت کے بعد کیا جائے گا،شاہ محمود قریشی

پیر 22 ستمبر 2014 21:55

پاکستان تحریک انصاف کا حلقہ این اے 149 میں ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کا حلقہ این اے 149 میں ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ پارٹی راہنماؤں کی مشاورت کے بعد کیا‘ این اے 149 ملتان کی نشست پاکستان تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ان کی جماعت نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 149 ملتان کے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے این اے 149 ملتان کے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ کا لائحہ عمل پارٹی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کراچی کی عوام نے 2013 کے انتخابات کو مسترد کیا اور اب ہم لاہور اور ملتان کی عوام سے پوچھیں گے کیا وہ اس الیکشن کمیشن کو تسلیم کرتے ہیں اور موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور پھر اس کے بعد پارٹی کا جو بھی فیصلہ ہو گا اس سے سب کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت پاکستان تحریک انصاف کا کوئی بھی صدر نہیں ہے، جاوید ہاشمی اپنے انٹر ویوز میں کہ چکے ہیں کہ میں نے پارٹی چھوڑ دی تو پھر پارٹی چھوڑنے کے بعد کوئی بھلا کیسے کسی جماعت کا صدر رہ سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں، فی الحال ان کی باتوں کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا۔ اگر وہ پارٹی کے صدر ہوتے تو ضمنی انتخابات میں پارٹی انھیں ٹکٹ جاری کرتی۔

تحریک انصاف کے وائس چیرمین کا کہنا تھا کہ اگر جاوید ہاشمی خود کو پارٹی کا صدر سمجھتے ہیں تو وہ آئیں اور اسلام آباد میں کنٹینر پرکھڑے ہو کر پارٹی ورکر سے پوچھیں کہ آیا وہ بھی انھیں صدر تسلیم کرتے ہیں یا نہیں، 25 دسمبر 2013 کو جس کراچی کی عوام نے انھیں باغی کا خطاب دیا 21 ستمبر 2014 کو اسی عوام نے انھیں داغی کا خطاب دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلم لیگ ن کا جاوید ہاشمی سے کوئی مک مکا نہیں ہوا ہے تو پھر ن لیگ کو ان کے مقابلے میں اپنا امیدوار کھڑا کرنا چاہیئے اور اگر بیلٹ پیپر پر ن لیگ کا نشان نظر نہیں آتا تو سمجھ لیں کہ جاوید ہاشمی اور ن لیگ کے درمیان مک مکا ہو چکا ہے۔

جاوید ہاشمی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی سن لیں کہ میں کسی سفارتکار سے چھپ کر نہیں ملا‘ وزیر خارجہ رہ چکا ہوں مجھ سے زیادہ سفارتی آداب کوئی نہیں جانتا۔ جاوید ہاشمی کو کھلی دعوت دیتا ہوں کہ وہ جو بھی الزامات لگالیں ہم ان کا جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ این اے 149 کے حوالے سے جلد حکمت عملی طے کی جائے گی۔ فی الحال مخدوم جاوید ہاشمی کی خالی نشست پر اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ عام انتخابات آلودہ اور جعلی تھے جنہیں عوام نہیں مانتے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو چرایا گیا۔ کراچی کے بعد لاہور اور ملتان میں بھی دھرنا دیا جائے گا۔واضح رہے کہ جاوید ہاشمی تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے اختلافات کے بعد اسلام آباد میں جاری آزادی مارچ چھوڑ کر چلے گئے تھے اور پھر 2 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی کی نشست سے مستعفی ہو گئے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے 16 اکتوبر کو ان کے حلقے میں دوبارہ انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات