تاریخی شہرپشاور کو ہم سب ملکر پاک صاف، خوبصورت اور ترقیافتہ بنائیں گے،پرویزخٹک،

شہرکی عظمت رفتہ کی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ،وزیراعلی کادورہ اندرون شہر،خستہ خال عمارتوں کامعائنہ کیا

پیر 22 ستمبر 2014 21:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اندرون گنج گیٹ محلہ ہودہ میں ان23 رہائشی عمارات کا معائنہ کیا جو گزشتہ چند روز سے دراڑیں پڑنے کی وجہ سے منہدم ہونے کے خطرے سے دو چار ہیں صوبائی وزیر صنعت و میگا پراجیکٹس کے فوکل پرسن ضیاء الله آفریدی، ارکان صوبائی اسمبلی شوکت علی یوسفزئی اور جاوید نسیم خان کے علاوہ میونسپل کمپنی ڈبلیو ایس ایس پی کے چیف ایگزیکیٹو انجینئر محمد نعیم، میونسپل کارپوریشن پشاور کے سی ایم او جاوید امجد، اسسٹنٹ کمشنر پشاور اور دیگر متعلقہ حکام بھی اُنکے ہمراہ تھے اس موقع پر متاثرہ مکینوں نے انہیں اپنے کئی منزلہ قدیم گھروں میں اچانک دراڑیں پڑنے اورڈیہہ جانے کے خدشات سے آگاہ کیاوزیر اعلیٰ نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مکینوں سے اپیل کی کہ وہ جلد ازجلد اپنے مکانات خالی کرائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہونے پائے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر پشاورکو انجینئرز اور ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم کے ساتھ اگلے روز متاثرہ مالکان کے ہمراہ عمارات کا معائنہ کرنے اور 24گھنٹے کے اندر انہیں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ اس رپورٹ کی روشنی میں مکانات کی مرمت نہ ہونے کی صورت میں انہیں محتاط انداز میں گرا دیا جائے گا اور انکی تعمیر نو کیلئے مالکان کی بھر پور مالی امداد کی جائے گی متاثرین نے وزیراعلیٰ کی یقین دہانی پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اتنی تنگ گلیوں میں انکی خبرگیری کیلئے پہنچنے پر شکریہ ادا کیا اورپرویز خٹک زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اس موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان قدیم عمارات کے مخدوش ہونے کی بنیادی وجہ زیر زمین پانی کی پائپ لائنوں کا رسنا ہے جس نے عمارات کی بنیادیں کمزور بنا دی ہیں اور یہ افسوسناک صورتحال پورے پشاور شہرکی عمارات کو درپیش ہے یہی وجہ ہے کہ نئی میونسپل کمپنی سب سے پہلے تمام پرانی پائپ لائنوں کے کنکشن منقطع کرکے آن گراؤنڈ پانی کی نئی پائپ لائنیں بچھائے گی اور یہ کام سالوں نہیں بلکہ اگلے چند مہینوں میں مکمل کیا جائے گا اس کی بدولت شہریوں کو پینے کا صاف اور صحت بخش پانی مہیا ہونے کے علاوہ ہیپاٹائٹس سمیت کئی موذی امراض اور دیگر لاتعداد مسائل سے نجات مل جائے گی انہوں نے کہا کہ اس تاریخی شہر کو ہم سب ملکر پاک صاف، خوبصورت اور ترقیافتہ بنائیں گے اور اسکی عظمت رفتہ کی بحالی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے قبل ازیں گنج پہنچنے پر ہزاروں کی تعداد میں اہل علاقہ نے انکا پرتپاک استقبال کیا اور پی ٹی آئی ، عمران خان او رپرویز خٹک زندہ باد کے نعرے بلند کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا ۔