شرجیل میمن نے میری ویدر ٹاور پر ازخود سڑک پر جھاڑو لگا کر صوبے میں ماہانہ صفائی و انسداد تجاوزات مہم کا آغاز کردیا،

کراچی، ٹھٹھہ اور کشمور سے تھرپارکر تک اس مہم کا آغاز ہوگیا ہے اور اس سلسلے میں اب کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،شرجیل انعام میمن

پیر 22 ستمبر 2014 19:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء ) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے پیر کو کراچی کے علاقے میری ویدر ٹاور پر ازخود سڑک پر جھاڑو لگا کر صوبے میں ماہانہ صفائی و انسداد تجاوزات مہم کا آغاز کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی ٹھٹھہ اور کشمور سے تھرپارکر تک اس مہم کا آج سے آغاز کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اب کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

تمام سیاسی جماعتیں، سول سوسائٹی، میڈیا اور عوام بھی اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں اور اپنے گھروں کی طرح محلوں اور گلیوں میں صفائی کا خاص خیال کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر میں ماہانہ صفائی و انسداد تجاوزات مہم کا پیر سے باقاعدہ آغاز کردیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں صوبائی وزیر نے سیکرٹری بلدیات سجاد عباسی، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی، ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ افضال زیدی اور میونسپل کمشنر ساؤتھ محمد رئیسی کے ہمراہ میری ویدر ٹاور پر سڑک پر ازخود جھاڑو دے کر اس مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔

اس موقع پر وہاں موجود عوام کی ایک بڑی تعداد نے اس مہم کے آغاز کا بھرپور خیرمقدم کیا اور صوبائی وزیر کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس مہم کا مقصد اپنے شہروں اور دیہاتوں میں موجود کوڑا کرکٹ اور قائم تجاوزات کا خاتمہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم ایک ماہ تک بلاتعطل جاری رہے گی اور اس مہم میں شرکت کے لئے مختلف سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، شو بز، کھلاڑیوں، سلیبرٹیز ، میڈیا اور عوام کو اس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں صوبے بھر کے تمام ایڈمنسٹریٹرز، میونسپل اور ٹاؤنز میونسپل کمشنرز اور ان کے ماتحت تمام افسران اور اہلکاروں کو خصوصی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے حوالے سے اب کسی بھی کوتاہی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی کو کوئی رعایت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بھی اس مہم کے حوالے تمام تر انتظامات کرنے کی ہدایات کی ہیں اور انشاء اللہ ہم ایک ماہ کے اندر اندر شہروں اور دیہاتوں میں موجود کوڑے کرکٹ اور تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرلیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کافی علاقوں میں ایڈمنسٹرٹرز، میونسپل کمشنرز اور ٹاؤن میونسپل کمشنرز کی جانب سے گھوسٹ ملازمین کے باعث مشکلات کی شکایات مل رہی ہیں۔ اس لئے اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی محکمے میں گھوسٹ ملازمین کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو ملازمتوں سے نکالنے کے حق میں نہیں ہے لیکن اگر کوئی کام نہیں کرے گا تو اس کو تنخواہ کسی صورت نہیں دی جائے گی۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ تمام محکموں میں سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز باقاعدگی سے فراہم کئے جارہے ہیں تاہم کئی محکموں کے افسران کی جانب سے اس میں کرپشن کی شکایات پر بھی ایکشن کیا گیا ہے اور تمام ٹی ایم ایز سے 6 ماہ کی آڈٹ رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی افسر کرپشن میں ملوث پایہ گیا اس کو گھر بھیج دیا جائے گا۔ عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کے سوال پر صوبائی وزیر نے کہاکہ اس مہم کے ساتھ ساتھ عیدالضحٰی کے موقع پر جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے اور انہیں ٹھکانے لگانے اور صوبے میں ڈینگی اور کانگو وائرس سے بچاؤ کے اسپرے کی مہم کے بھی احکامات پہلے ہی جاری کردئیے گئے ہیں اور خصوصاً کانگو وائرس جو کہ جانوروں کے ذریعے پھیلتا ہے اس پر کڑی نگاہ رکھنے اور اس حوالے بھرپور اسپرے مہم چلانے کی بھی ہدایات دے دی گئی ہیں۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے اس موقع پر سڑک سے گزرنے والی ایک گرین بس کو روک کر اس میں سوار ہوکر اس بس میں موجود خواتین اور مرد مسافروں سے اس بس کی سروس اور اس حوالے سے ان کے تحفظات سے آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو سفر کی اچھی، سستی اور آرام دہ سہولیات کی فراہمی میں کوشاں ہے اور گرین بسوں کی مزید فریڈ جلد ہی دیگر روٹس پر بھی چلائی جائیں گی۔ اس موقع پر گرین بس میں سوار خواتین اور مرد مسافروں نے گرین بس سروس کے آغاز پر صوبائی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور پارٹی کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اس سروس سے جہاں انہیں سفر کی بہتر سہولیات میسر ہوئی ہیں وہاں ان کے ماہانہ بجٹ میں بھی بچت ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :