Live Updates

جاوید ہاشمی کو تحریک انصاف کا اظہار وجوہ کا نوٹس، صدارت سے بھی معطل

پیر 22 ستمبر 2014 19:11

جاوید ہاشمی کو تحریک انصاف کا اظہار وجوہ کا نوٹس، صدارت سے بھی معطل

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی صدر جاوید ہاشمی کو عہدہ صدارت سے معطل کرتے ہوئے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، نوٹس میں ان سے کہا گیا کہ تسلی بخش جواب نہ دینے تک تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آپ کو معطل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب جاوید ہاشمی کو اپنی معطلی کے خلاف جواب دینے کے لئے 29 ستمبر تک کی مہلت دی گئی ہے جبکہ ان کو کہا گیا کہ آپ پیش ہو کر جواب دیں کہ آخر کیونکر آپ نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پارٹی کی کور کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں کو سر عام بیان کیا اور کیوں نہ آپ کے خلاف اس معاملے پر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے ضمن میں کاروائی کی جائے۔

آپ نے پارٹی کی قیادت پر بلا جواز تنقید کی جبکہ آپ نے تحریک انصاف کے آزادی مارچ پر بھی الزامات لگائے ہیں ، تسلی بخش جواب نہ دینے تک آپ کو برطرف کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے جاوید ہاشمی کی بنیادی پارٹی رکنیت بھی معطل کر دی ہے۔ یاد رہے جاوید ہاشمی گزشتہ کئی ہفتوں سے تحریک انصاف سے کنارہ کشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور آزادی مارچ پر مسلسل تنقید کر رہے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات