سندھ ہائی کورٹ نے خیرپور میں 12اساتذہ کو تنخواہیں جاری نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر حکومت سندھ سے جواب طلب کرلیا

پیر 22 ستمبر 2014 17:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) سندھ ہائی کورٹ نے خیرپور میں پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرکے نوکریاں حاصل کرنے والے 12اساتذہ کو تنخواہیں جاری نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر حکومت سندھ سے جواب طلب کرلیا ۔کیس کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس عزیز الرحمن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی ۔درخواست گذار غلام قاسم فاروقی سمیت 12درخواست گذاروں نے وکیل نے موقف اختیار کیاتھا کہ حکومت سندھ نے خیرپور میں پبلک سروس کمیشن کا امتحان ،ٹیسٹ اور فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد انہیں ملازمتوں پر تعینات کیا تھا ۔

(جاری ہے)

دسمبر 2012سے باقاعدہ ڈیوٹی انجام دینے کے بعد تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی ہیں ۔سماعت کے دوران درخواست گذاروں کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم وہ واحد ذریعہ ہے جو کسی قوم کی ترقی کا باعث بنتا ہے ۔لیکن حکومت کی جانب سے اساتذہ کے ساتھ ناروا سلوک کی وجہ سے تعلیمی نظام تباہی کی جانب گامز ن ہے ۔عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت کو ہدایت جاری کی جائے ان اساتذہ کو تنخواہیں جاری کرے ۔سماعت کے دوران حکومت کی جانب سے جواب داخل نہ کرانے پر عدالت نے شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم سندھ ،ای ڈی او خیر پور سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :