سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس میں گرفتار سابق ڈی جی حج آپریشنز راؤ شکیل کی ضمانت منظور کرلی

پیر 22 ستمبر 2014 16:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے حج کرپشن کیس میں گرفتار سابق ڈی جی حج آپریشنز راؤ شکیل کی ضمانت منظور کرلی ہے۔پیر کو جسٹس انور ظہیرجمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران سابق ڈی جی حج آپریشنز راوٴ شکیل کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر دلائل دیئے گئے ‘ راوٴ شکیل کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے ساتھ جنہیں شریک ملزم قرار دیا گیا ہے وہ تمام افراد ضمانت پر رہا ہیں۔

راوٴ شکیل 4 سال سے جیل میں ہیں تاہم اب تک ان کے خلاف ٹرائل مکمل نہیں ہوا۔ کیس کے اسپیشل پراسیکیوٹر اظہر چوہدری ایڈووکیٹ نے درخواست کے خلاف دلائل میں موقف اختیار کیا کہ ملزم کے عدم تعاون کی وجہ سے معاملہ طول پکڑ گیا ہے، ملزم تعاون کرے تو اسی ماہ ٹرائل مکمل ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے کہا کہ ٹرائل کی وقت پر تکمیل کی ذمہ داری ملزم پر نہیں ڈالی جاسکتی اور نہ ہی ملزم کو غیرمعینہ مدت تک حراست میں رکھا جاسکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے ایک کروڑ روپے کے مچلکے کے عوض راوٴ شکیل کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں اپنا پاسپورٹ متعلقہ حکام کے پاس جمع کرانے کا حکم دیا ہے، اس کے علاوہ عدالت نے یہ بھی قرار دیا ہے کہ اگر راوٴ شکیل ٹرائل کورٹ میں مسلسل 2 سماعتوں میں غیر حاضر رہے تو ان کی ضمانت منسوخ کردی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :