عیدالاضحیٰ پر سرگودھا ڈویژن کے 86 مقامات کو انتہائی حساس قرار دیدیا گیا

پیر 22 ستمبر 2014 15:39

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) عیدالاضحیٰ پر سرگودھا ڈویژن کے 86 مقامات کو انتہائی حساس قرار دیکر کیٹگری A,B,C میں رکھا گیا ہے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 33 سو سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دینگے خیبر پختونخواہ سے ملنے والے سرحدی علاقے کو عیدکے ایام میں سیل کرکے اضافی نفری تعینات کی جائیگی پولیس نے سکیورٹی پلان مرتب کرکے وزارت داخلہ کو ارسال کردیا ہے پولیس ذرائع کے مطابق خوشاب‘ میانوالی‘ بھکر اور سرگودھا کے جن مقامات کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے ان پر سکیورٹی کے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کرنے کا بھی کہہ دیا ہے وزارت داخلہ کو بھجوائے جانیوالے سکیورٹی پلان میں کہا گیا ہے کہ ضلع سرگودھا کے 23 انتہائی حساس مقامات ہیں جہاں پر عیدالاضحیٰ کے بڑے اجتماعات ہوتے ہیں ان پر سکیورٹی کیلئے 1 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے جائینگے ‘ ضلع خوشاب کے 18 مقامات کو انتہائی حساس قرار دیکر 6 سو کے قریب پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دینگے‘ میانوالی کے 8 مقامات کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں 5 سو کے قریب پولیس اہلکار سکیورٹی پر مامور کئے جائینگے اسی طرح ضلع بھکر کے 37 مقامات کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جہاں پر 12 سو کے قریب پولیس اہلکار اپنے فرائض منصبی انجام دینگے پولیس نے جن مقامات کو حساس قرار دیا ہے کیٹگری اے میں 46 ‘ کیٹگری بی میں 27 اور کیٹگری سی میں 13 اہم مساجد ‘ امام بارگاہوں ‘ عید گاہیں شامل ہیں پولیس ذرائع کے مطابق عید الاضحیٰ پر ڈویژن بھر میں سکیورٹی پر 33 سو سے زائد پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی انجام دینگے جبکہ ریزرو پولیس کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائیگا خیبر پختونخواہ سے ملنے والے سرحدی علاقے کو عید کے ایام میں سیل کرکے ہر آنے جانیوالی گاڑی کی جامہ تلاشی اور بغیر شناختی کارڈ صوبہ پنجاب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی پولیس سکیورٹی پلان کے مطابق میانوالی کے علاقے کالاباغ اور دیگر سرحدی علاقوں پر پولیس کے اضافے دستے بھی تعینات کئے جائینگے۔