بھارت آبی دہشت گردی سے باز نہ آیا تو آئندہ پاک بھارت جنگ پانیوں کے مسئلہ پر ہو گی‘ حافظ محمد سعید

پیر 22 ستمبر 2014 15:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) جماعةالدعوة پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستانی دریاؤں پر ڈیموں کی تعمیر کیلئے بھارت کو عالمی قوتوں اور اداروں کی سرپرستی حاصل ہے، سیلابوں سے بچنے کیلئے بھارتی آبی دہشت گردی روکنا اورنئے ڈیموں کی تعمیربہت ضروری ہے، بھارت آبی دہشت گردی سے باز نہ آیا تو آئندہ پاک بھارت جنگ پانیوں کے مسئلہ پر ہو گی، حالیہ سیلاب کے دوران کشمیریوں پر بہت ظلم کیا گیا، بھارت کشمیریوں کو نقصانات سے دوچار کر کے ان کے جذبہ آزادی کو کچلنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا،آنے والے دنوں میں یہ تحریک اور زیادہ قوت پکڑے گی، اتحادیوں کے خطہ سے نکلنے کے بعد بھارت بھی مقبوضہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکے گا۔

وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعةالدعوة لاہور کے زیر اہتمام کارکنان کی ایک تربیتی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا نصر جاوید، فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف ، امیر جماعةالدعوة لاہور مولانا ابو الہاشم، مولانا محمد ادریس فاروقی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ نشست میں کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

حافظ محمد سعید نے اپنے خطا ب میں کہاکہ جماعةالدعوة کے رضاکاروں نے ملک میں بھارتی آبی جارحیت کی وجہ سے پیدا ہونے والی سیلاب کی صورتحال سے متاثرہ تمام علاقوں میں امدادی سرگرمیاں سرانجام دیں۔ وہ کشتیوں، ٹریکٹر ٹرالیوں اورایمبولینسوں سمیت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر متاثرین سیلاب کو ریسکیو کرتے رہے اور انہیں سیلابی پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیاجاتا رہا۔

جب تک انسان دوسرے انسانوں کی مدد میں لگا رہتا ہے اس کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے بھی مدد ملتی رہتی ہے اور مصیبت زدہ افراد کی مدد میں لگ جانا ہی نبوی منہج ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ تمام اہل پاکستان کو سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہم ملک کے کونے کونے میں جاکر پاکستانی قوم کو بھارتی آبی دہشت گردی سے آگاہ کریں گے ۔

اس سلسلہ میں مختلف شہروں میں بڑے پروگراموں کو بھی انعقاد کیاجائے گا۔ دینی و سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر حکومت پر دباؤ بڑھانا چاہیے کہ وہ بھارتی آبی جارحیت کے خلاف بھرپور آواز بلند کرے اور اس مسئلہ کو ہر عالمی فورم پر اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں پچھلے پانچ برسوں سے سیلاب آ رہا ہے اور اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ انڈیا نے پاکستان کے دریاؤں اور پانیوں پر کنٹرول حاصل کر رکھا ہے۔

سیلاب اور دیگر تمام مسائل کا تعلق بھی اسی سے ہے۔دریاؤں میں اچانک پانی چھوڑ کر لاکھوں ایکڑ اراضی برباد کرنے والا بھارت اب ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔قوم سوال کرتی ہے کہ بھارتی آبی جارحیت پر خاموشی اختیا رکر کے پاکستان ان مشکلات سے کب تک دوچار رہے گا۔حکومت کو چاہیے کہ وہ انڈیا سے کھل کر بات کرے اورپاکستانی دریاؤں پر ڈیموں کی تعمیر کا مسئلہ پوری شدومد سے اٹھایا جائے۔

متعلقہ عنوان :