عید لاضحی تک اگر وفاقی حکومت نے صوابی سوئی گیس منصوبہ کیلئے این او سی جاری نہ کیا تو پشاور ہائی کورٹ میں وفاق کے خلاف رٹ دائر کرونگا، اسد قیصر

پیر 22 ستمبر 2014 14:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عید لاضحی تک اگر وفاقی حکومت نے صوابی سوئی گیس منصوبہ کیلئے این او سی جاری نہ کیا تو پشاور ہائی کورٹ میں وفاق کے خلاف رٹ دائر کرونگا۔ضلع صوابی کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے وزیر اعلی پرویز خان خٹک نے تمام فنڈزفراہم کرنے کا وعدہ پہلے ہی کردیا ہے لیکن وفاقی حکومت این او سی جاری کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔

یہ اعلان انہوں نے آج موضع شمہ کو بانڈہ مرغزصوابی میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی عاقب اللہ خان حاجی رنگیز خان،رونق زمان خان اور نسیم گل نے بھی خطاب کیا۔ سپیکرصوبائی اسمبلی نے کہا کہ اگر پچھلے ادوار میں ضلع صوابی کو ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز نہ کیا جاتا توآج یہ ضلع اتنا پسماندہ نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ ضلع کے عوام کا احساس محرومی دور کرنے کا تہیہ کرچکا ہوں اور وہ دن دور نہیں کہ صوابی کو بھی اسلام آباد جیسے سہولیات سے آراستہ کرکے عوام کے معیار زندگی بلند کرینگے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ صوابی وومن یونیورسٹی،گجوخان میڈیکل کالج کے قیام سمیت ضلع،تحصیل اور یوسی کی سطح پر تفریحی پارکوں اور پلے گراونڈز کے تعمیر جیسے منصوبوں پر تیزی سے کام شروع کیاگیا ہے اور جلد ضلع صوابی کے عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہونگے۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ 2کروڑ 50لاکھ روپے کی لاگت سے کلابٹ مرغز روڈ( کوتکانڑی روڈ)،ایک کروڑ روپے کی لاگت سے ڈوڈھیر روڈ پر تعمیراتی کا آغاز ہوچکاہے اور جلد ہی پایا تکمیل تک پہنچ جائینگے ۔

انہوں نے شمہ کو بانڈہ سمیت قرب و جوار کے بانڈہ جات کے نکاسی آب کیلئے نالا کی تعمیر ،موضع جات شمہ کو بانڈہ ، یارا خیل اوراکا خیل کے گلی کوچوں کی فرشبندی اور نالیوں کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپے اورپینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے تین ٹیوب ویلوں سمیت موجودہ واٹرسپلائی سکیم کے تمام بوسیدہ پائپ کی تبدیلی کیلئے 5کروڑ روپے کی خطیر رقم منظور کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے دوران بجلی تاروں کی تبدیلی اور ٹو فیزکو تھری فیز کرنے کے وعدوں کو پہلے ہی ایفاء کیاجا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نعروں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔قبل ازیں سپیکر اسد قیصر نے شیر غنی،عبدالستار،ذوالفقار،قمرعلی،سفید شاہ،زمان شاہ، احسان اللہ ،فضل غنی ،خادم نبی،رمیم ،عبدالحلیم ،شاکراللہ ،اقبال اور شمس الرحمن کو ٹوپی پہنا کر انہوں نے پاکستان تحریک انصاف میں با قاعدہ طور پر شمولیت اختیارکرنے کا اعلان کر کے چےئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سپیکر اسدقصر کے قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔

سپیکر نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان خاندانوں کی شمولیت سے پی ٹی آئی حلقہ پی کے۔ 35میں مزید مضبوط اور فعال ہوگی۔

متعلقہ عنوان :