سرگودھا، آتشیں اسلحہ سے مسلح چار ڈاکوؤں نے واٹر سپلائی روڈ سرگودھا پر واقع نجی بینک لوٹ لیا

پیر 22 ستمبر 2014 14:14

حیدرآباد ٹاؤن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) آتشیں اسلحہ سے مسلح چار ڈاکوؤں نے واٹر سپلائی روڈ سرگودھا پر واقع نجی بینک لوٹ لیا‘ مزاحمت پر فائرنگ کرتے ہوئے بینک کے گارڈ کو شدید زخمی کردیا‘ ملزمان لاکھوں روپے کی رقم‘ گن مینوں کا اسلحہ اور ایل سی ڈی چھین کر فرار ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پیر کے روز چار مسلح ڈاکو واٹر سپلائی روڈ سرگودھا کے ایک نجی بینک میں گھس گئے اور عملے کو یرغمال بنالیا۔

مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں بینک کا گن مین محمد یعقوب شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا پہنچادیا۔ بینک ڈکیتی کی اطلاع ملنے کے باوجود پولیس جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچی۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے بینک ڈکیتی کے دوران 9 لاکھ سے زائد کی نقدی چھین لی اور اس دوران ڈاکوؤں نے بینک کے عملے کا لائسنسی اسلحہ جس میں ایک بندوق اور پسٹل اور سی سی ٹی وی فوٹیج کیمرہ کی ایل سی ڈی بھی اکھاڑ لی اور دن دیہاڑے واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

(جاری ہے)

پولیس نے علاقہ بھر کی ناکہ بندی کرلی مگر ملزمان کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ یاد رہے کہ حال ہی میں اسی طرح ڈاکوؤں نے بھاگٹانوالہ کے علاقے میں مین شاہراہ لاہور روڈ پر دن دیہاڑے بینک سے بیس لاکھ سے زائد نقدی چھینی تھی اور اسی طرح تھانہ بھیرہ کے علاقے میں بھی ڈاکوؤں نے بینک ڈکیتی کے دوران لاکھوں روپے کی نقدی چھین لی تھی تاہم یکے بعد دیگرے ہونے والی تینوں ڈکیتیوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

سرگودھا میں بڑھتی ہوئی بینک ڈکیتیوں کی وارداتوں پر تاجروں‘ سرمایہ کاروں اور شہریوں میں سخت تشویش پائی جانے لگی ہے۔ اس ضمن میں بینک ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر وزیراعلی پنجاب اور آئی جی پولیس پنجاب نے سرگودھا پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ضلعی پولیس ترجمان کے مطابق بینک ڈکیتی کے ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے پولیس کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں تاحال ملزمان کا کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

متعلقہ عنوان :