پاک فوج کے چھ میجر جنرلزکی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی‘رضوان اختر ڈی جی آئی ایس آئی مقرر

پیر 22 ستمبر 2014 12:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) پاک فوج کے چھ میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے جبکہ کراچی میں تعینات ڈی جی رینجرزمیجر جنرل رضوان اختر کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کر دیاگیا-فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی کے چھ میجر جنرلز کو ترقی دیکر لیفٹیننٹ جنرل بنا دیا گیا ہے-ترقی پانے والوں میں میجر جنرل رضوان اختر‘ میجرجنرل میاں ہلال حسین‘ میجر جنرل غیور محمود‘ میجر جنرل نذیر بٹ‘ میجر جنرل نوید مختار اور میجرجنرل ہدایت الرحمن شامل ہیں -دریں اثناء ڈی جی رینجرز میجرجنرل رضوان اختر کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کر دیاگیا ہے- اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے ہدایت الرحمن کو کور کمانڈر پشاور‘نوید مختار کو کور کمانڈر کراچی‘ ہلال حسین کو کور کمانڈر منگلا‘ غیور محمود کو کور کمانڈر گوجرانوالہ جبکہ نذیر بٹ کو آئی جی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (سی اینڈ آئی ٹی) مقرر کیا گیا ہے-واضح رہے کہ یکم اکتوبر 2014ء کو ڈی جی آئی ایس آئی سمیت پاک فوج کے پانچ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ہو جائیں گے -ریٹائرڈ ہونے والوں میں آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام عباسی، منگلا کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل طارق خان، گوجرانوالہ کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سلیم نواز، پشاور کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی اور کراچی کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :