اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد بار کونسل کے انتخابات کے حوالے سے پنجاب بار کونسل سے وکلاء کی ووٹر لسٹ طلب کرلی

پیر 22 ستمبر 2014 12:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22ستمبر۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے (اسلام آباد بار کونسل) کے انتخابات کے حوالے سے پنجاب بار کونسل سے وکلاء کی ووٹر لسٹ طلب کرلی ہے۔ پیر کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں نصیر احمد کیانی بنام چیف کمشنر اسلام آباد کیس کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل سید نایاب حسن گردیزی‘ محسن اختر کیانی‘ شیرین عمران جبکہ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل حسنین کاظمی اور یوسف قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد بار کونسل کا نوٹیفکیشن جاری ہوچکا ہے اور پنجاب بار کونسل نے نئے انتخابات کروانے کیلئے تاریخ کا اعلان بھی کردیا ہے لہٰذا عدالت اسلام آباد بار کونسل میں انتخابات کروانے کیلئے وزارت قانون و چیف کمشنر کو ہدایات جاری کرے کہ اسلام آباد بار کونسل کے انتخابات کروائے جائیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے پنجاب بار کونسل سے اسلام آباد بار کونسل کے انتخابات کے حوالے سے وکلاء کی ووٹر لسٹیں قواعد و ضوابط اور کسی بھی ذمہ دار افسر کو انتخابات کیلئے مقرر کرنے کیلئے تحریری طلب کرلی ہے۔

درخواست میں پنجاب بار کونسل‘ وزارت قانون اور چیف کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی۔۔(قیصر/عبدالستار)

متعلقہ عنوان :